جرائم و حادثات

نوجوان لڑکی کو پانچویں منزل سے پھینک کر قتل کرنے والا ملزم گرفتار – برقعہ پہن کر ایا تھا ملزم

دہلی کے جیوتی نگر علاقے میں پیش آئے ایک  دل دہلا دینے والے قتل کے معاملے میں 22 سالہ لڑکی نیہا کو پانچویں منزل سے مبینہ طور پر نیچے پھینک کر قتل کرنے والے  ملزم توفیق کو پولیس نے بالآخر گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق، ملزم کو اترپردیش کے ضلع رامپور  سے پکڑا گیا، جہاں وہ  واردات کے بعد روپوش  ہو گیا تھا۔

 

 

پولیس افسران کا کہنا ہے کہ توفیق  واردات کے فوری بعد جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا تھا ۔ اسے پکڑنے کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، اور مسلسل کوششوں کے بعد بالآخر رامپور سے اس کی گرفتاری عمل میں آئی۔

 

یہ  خوفناک واقعہ  اس وقت پیش آیا جب توفیق، مبینہ طور پر اپنی شناخت چھپانے کے لیے برقعہ پہن کر نیہا کے گھر  پہنچا۔ نیہا کے والد نے الزام لگایا کہ توفیق نے زبردستی گھر میں گھس کر انہیں دھکا دیا اور پھر نیہا پر حملہ کیا۔ اس نے نیہا کو  پانچویں منزل سے نیچے گرا دیا ۔ نیہا کو شدید زخمی حالت میں جی ٹی بی ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی

 

نیہا کے والد کے بیان کے مطابق، "میری بیٹی چھت پر پانی بھرنے گئی تھی، تبھی میں نے دیکھا کہ ایک شخص برقع پہن کر وہاں موجود تھا، اس کا چہرہ کھلا ہوا تھا اور وہ میری بیٹی کا گلا دبا رہا تھا۔ جب میں نے اسے دیکھا تو وہ گھبرا گیا اور نیہا کو چھت سے دھکا دے دیا۔ میں نے اسے پکڑنے کی کوشش کی لیکن اس نے مجھے بھی دھکا دے کر فرار ہو گیا۔”

 

والد کے اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ یہ واقعہ ایک منصوبہ بند قتل ہے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے فوری کارروائی کی اور جیوَتی نگر تھانے میں بھارتی انصاف قانون (BNS) کی دفعات 109(1)/351(2) کے تحت مقدمہ درج کیا۔ تفتیش کے دوران پولیس کو کئی سراغ ملے جن کی بنیاد پر ملزم کی شناخت توفیق کے طور پر ہوئی۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق، توفیق نے برقع پہن کر نیہا کے گھر میں داخلہ لیا تھا تاہم قتل کی وجہ فوری معلوم نہیں ہوسکی ۔لیکن نیہا کے گھر والوں کے مطابق، وہ توفیق کو بھائی مانتی تھی  اور راکھی باندھتی تھی، لیکن حال ہی میں اس نے اس سے تمام تعلقات ختم کر دیے تھے اس فیصلے کے بعد توفیق نے مبینہ طور پر نیہا کو ہراساں کرنا اور دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ گھر والوں  کا دعویٰ ہے کہ نیہا نے بارہا انکار کے باوجود، توفیق اس کا پیچھا کرتا رہا اور مسلسل خوفزدہ کرتا رہاl

 

 

پولیس نے واقعے کا  مقدمہ درج کر کے  معاملے کی تفصیلی تفتیش شروع کر دی ہے۔ توفیق پر اب قتل، زبردستی گھسنے، اور مجرمانہ دھمکی جیسے  سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پولیس ملزم کے پس منظر، ذہنی کیفیت اور واردات کے محرکات پر بھی گہری جانچ کر رہی ہے۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button