جرائم و حادثات

محض 300 روپے کے آٹو کرایہ پر جھگڑے میں ڈرائیور کا بے دردی سے قتل – جگتیال کے نعیم الدین قتل واقعہ میں دو ملزمین گرفتار

جگتیال، 16 ستمبر (اردولیکس)  محض300 روپےآٹو کا کرایہ کے مسئلہ پر ہونے والے جھگڑے میں دو بہاری نوجوانوں نے جگتیال میں آٹو ڈرائیور 43 سالہ  ایم ڈی نعیم الدین کو بے دردی سے قتل کر دیا۔

 

جگتیال رورل پولیس اسٹیشن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سی ایس پی راگھو چندر نے بتایا کہ جگتیال کے محلہ ستاری پیٹ کے نعیم الدین کی نعش گذشتہ روز پولاس گلاپیٹ روڈ کے قریب برآمد ہوئی۔ مقتول کے بھائی ایم ڈی اسحاق کی جانب سے درج شکایت میں بتایا گیا کہ نعش کے بائیں آنکھ کے قریب زخم اور گلے میں کپڑے کی گرہ موجود تھی، جبکہ آٹو (نمبر TS-21-T-5049) خون کے دھبوں کے ساتھ موقع پر ملا۔

 

شکایت میں بتایا گیا کہ 14 ستمبر کی نصف شب کو مقتول کے آٹو میں تین افراد سوار ہوئے اور دھرم پوری کی طرف روانہ ہوئے۔ پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی۔ مختلف مقامات کے CCTV فوٹیج سے آٹو آخری بار پولاس گاؤں میں بھوانی شنکر رائس مل کے قریب دیکھا گیا۔

 

مزید تفتیش پر بہار کے سمستی پور ضلع کے احمد پور گاؤں کے پنکج کمار (37) کے ذریعے اصل ملزمین کی شناخت ہوئی۔ پولیس نے 16 ستمبر کو شام 4 بجے حیدر پلی گاؤں کے منیکانتا رائس مل کے قریب درشن ساہنی (31) اور سنیل ساہنی (41) کو گرفتار کیا۔ دونوں ملزمین نے جرم قبول کر لیا۔

 

ملزمان نے بتایا کہ 14 ستمبر کی رات پنکج کمار نے مقتول کا آٹو 300 روپے کرایہ پر لیا، تینوں سوار ہوئے، لیکن راستے میں کرایہ کے جھگڑے پر پنکج کمار اتر گیا۔ اس دوران درشن ساہنی نے مقتول کے گلے میں کپڑا باندھا اور سنیل ساہنی نے پتھر سے حملہ کر کے انھیں قتل کر دیا۔ بعد ازاں مقتول کا موبائل فون لے کر لاش کو سڑک کنارے گڑھے میں پھینک دیا۔

 

پولیس نے ملزمین کی نشاندہی پر مقتول کا موبائل اور خون آلودہ کپڑے برآمد کر لئے ہیں اور لزمین کو عدالت میں پیش کیا

 

متعلقہ خبریں

Back to top button