محکمہ برقی کے اسسٹنٹ ڈیویژنل انجینر کروڑوں روپے کی جائیددیں اور بھاری نقد رقم رکھنے کے الزام میں گرفتار – جیل منتقل

حیدرآباد: تلنگانہ میں محکمۂ برقی کے اسسٹنٹ ڈویژنل انجینئر (ADE) امبیڈکر کے گھر پر منگل کے دن اے سی بی حکام نے تلاشی لی۔ الزامات ہیں کہ انہوں نے غیرقانونی طور پر بھاری جائیدادیں جمع کی ہیں۔ اسی بناء پر ان کے رشتہ داروں اور گھر والوں کے مکانات کے علاوہ گچی باولی، مادھا پور، حیدرآباد، رنگاریڈی، میدک اور نلگنڈہ اضلاع میں کل 15 ٹیموں نے دھاوے کئے ۔
دھاووں کے دوران امبیڈکر کے ساتھی ستیش کے مکان سے 2 کروڑ روپے نقدی برآمد ہوئی۔ اس کے علاوہ ضلع سوریاپیٹ کے پنپہاڑ میں 10 ایکڑ زرعی اراضی اور مزید ہزار گز پر مشتمل فارم ہاؤس بھی پائے گئے۔ ان شواہد کی بنیاد پر آمدنی سے زائد جائیدادوں کے کیس میں اے سی بی حکام نے امبیڈکر کو گزشتہ شب گرفتار کرلیا۔
چہارشنبہ کی صبح انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے 14 روزہ عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اے سی بی حکام عنقریب ان کی پولیس تحویل کے لیے بھی درخواست دینے والے ہیں۔ فی الحال انہیں چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔