انجینئرنگ طالب علم نور نواز حسین کا بے دردی سے قتل: ناگپور میں خونی تصادم

انجینئرنگ طالب علم نور نواز حسین کا بے دردی سے قتل: تعلیمی شہر ناگپور میں خونی تصادم
ناگپور ،۲؍نومبر(ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی رپورٹ) ناگپور شہر کے پارڈی علاقہ میں انجینئرنگ کے طلبہ کے درمیان نقل کے تنازع سے شروع ہوا جھگڑا خونریز شکل اختیار کر گیا۔ اس واقعہ میں انجمَن کالج آف انجینئرنگ کے بی ٹیک آخری سال کے طالب علم نور نواز حسین (عمر 21، رہائش: درگا نگر، پارڈی) کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
پولیس نے اس سنگین واردات میں ملوث چار انجینئرنگ طلبہ کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ایک کم عمر (17 سالہ) ساتھی کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ اس افسوسناک واقعہ نے ناگپور کے تعلیمی حلقوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔گرفتار شدہ طلبہ کی شناخت کھلیشور رامیشور بیسن (عمر 19، ساکن شیام نگر، پارڈی ناکہ)، انو عرف انس احمد عبدالوکیل (عمر 19، ساکن گنگا باغ، پارڈی)، پرتیک عرف آدتیہ راجو کارندیکر (عمر 19، ساکن سائی نگر، کلمنا) اور پروین مرتیونجے پانڈے(20 سال ساکن بھوانی نگر، پارڈی)کے طور پر ہوئی ہے
۔ پولیس کے مطابق پانچواں شریکِ جرم 17 سالہ لڑکا انٹر کے دوسرے سال میں تعلیم حاصل کر رہا ہے۔پولیس کے مطابق مختلف انجینئرنگ کالجوں میں کمپنیوں کی جانب سے کیمپس پلیسمنٹ امتحانات لیے جاتے ہیں جن کے سوالنامے اکثر ایک جیسے ہوتے ہیں۔ اس موقع پر متعدد طلبہ نقل کے ذریعے امتحان دیتے ہیں۔ انہی امتحانات میں نقل کے معاملے پر ہرشَل سنجے رامٹیکے (21، رہائش: پڑولے نگر، واتھوڈا – جی ایچ رائسو نی انجینئرنگ کالج کا طالب علم) اور ملزم بیسن کے درمیان کافی دنوں سے تنازع چل رہا تھا۔
ہرشل نے یہ بات اپنے دوست نور نواز حسین کو بھی بتائی تھی، جو کہ انجمَن کالج میں زیر تعلیم تھا۔جمعہ کی رات پارڈی کے ایچ بی ٹاؤن علاقہ میں دونوں گروپوں کے طلبہ آپس میں ملے تاکہ معاملہ ختم کیا جا سکے۔ مگر بات ختم ہونے کے بجائے زیادہ بگڑ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے دونوں گروپوں میں شدید جھگڑا ہوا۔ اسی دوران بیسن نے اچانک چاقو نکال کر نور پر تابڑ توڑ وار کیے، جس سے وہ شدید زخمی ہو کر گر پڑا
۔ ساتھیوں نے اسے فوراً اسپتال پہنچایا، مگر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔اطلاع ملتے ہی پارڈی پولیس نے موقع پر پہنچ کر چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا اور کم عمر ساتھی کو بھی تحویل میں لے لیا۔ ہفتہ کو عدالت میں پیشی کے بعد عدالت نے تمام چار بالغ ملزمان کو چار دن کی پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے پیچھے کی اصل وجہ نقل کے تنازع کے ساتھ ساتھ سینئر-جونیئر کے درمیان پرانی رنجش بھی تھی۔ایک انجینئرنگ طالب علم کی اس قدر بے رحمی سے ہوئی ہلاکت نے ناگپور شہر میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی ہے۔
تعلیمی اداروں میں بڑھتی ہوئی غنڈہ گردی اور طلبہ کے درمیان تشدد پر سوال اٹھ رہے ہیں۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعہ کی مکمل تفتیش کی جا رہی ہے اور ملوث تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔



