جرائم و حادثات

سابق شوہر کے ہاتھوں حاملہ بیوی کا قتل،طلاق لے کر دوسری شادی کرنے پر انتقام ۔ حیدرآباد میں سنسنی خیز واردات

حیدرآباد: شہر کے علاقہ ونستھلی پورم میں دن دہاڑے پیش آنے والے ایک لرزہ خیز واقعے نے مقامی افراد میں دہشت پھیلا دی۔ اطلاعات کے مطابق ایک شخص مہیش نے اپنی سابقہ بیوی سنیتا کو اُس کے گھر میں گھس کر بے دردی سے قتل کر دیا۔

 

ابتدائی تحقیقات کے مطابق واردات کی وجہ سابقہ ازدواجی رنجش اور طلاق کے بعد پیدا ہونے والی حسد بتایا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق سنیتا کی شادی تقریباً پانچ سال قبل مہیش سے ہوئی تھی۔ شادی کے بعد دونوں آسٹریلیا منتقل ہو گئے تھے، جہاں وہ سافٹ ویئر کے شعبے میں ملازمت کرتے تھے۔

 

کچھ عرصے بعد میاں بیوی کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے جس کے نتیجے میں سنیتا نے قانونی طور پر طلاق لے لی اور بھارت واپس آ گئی۔بھارت واپسی کے بعد سنیتا نے نئی زندگی کا آغاز کیا اور تقریباً دس ماہ قبل شری ناتھ نامی شخص سے دوسری شادی کر لی۔ اس وقت وہ اپنے دوسرے شوہر شری ناتھ کے ساتھ ونستھلی پورم کے ایک اپارٹمنٹ میں مقیم تھی اور وہ اس وقت چار ماہ کی حاملہ بتائی گئی ہے۔

 

مہیش برہم تھا کہ سنیتا نے اسے چھوڑ دیا اور دوسری شادی کرلی۔ اسی کا بدلہ لینے کیلئے وہ آسٹریلیا سے حیدرآباد واپس ہوا۔ آج وہ منصوبہ بند طریقہ سے اپنی سابق بیوی کے گھر بات چیت کے بہانے پہنچا اور اس نے تیز دھار خنجر سے حملہ کرکے سنیتا کا قتل کردیا اس وقت سنیتا کا شوہر مکان میں موجود نہیں تھا وہ تنہا تھی۔

 

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ جس فلیٹ میں یہ واردات پیش آئی وہ شری ناتھ کی ملکیت ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام شری ناتھ سے بھی تفصیلی پوچھ گچھ کر رہے ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کو واضح کیا جا سکے۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں

 

خوف و ہراس کی فضا پائی جا رہی ہے جبکہ پولیس نے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا یقین دلایا ہے۔

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button