جرائم و حادثات

"بدنامی کا خوف "۔ فتح پور فرزآنہ قتل کیس میں ماں اور بھائی گرفتار

فتح پور میں غیرت کے نام پر بیٹی کا قتل: عصمت دری کیس کی متاثرہ لڑکی کو ماں اور بھائی نے زہر پلا کر مار ڈالا

 

اتر پردیش کے ضلع فتح پور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں 20 سالہ نوجوان لڑکی فرزانہ کو مبینہ طور پر اس کی ماں اور سگے بھائی نے قتل کر دیا۔ پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ معاملہ نام نہاد غیرت کے نام پر قتل (آنر کلنگ) کا ہے۔

 

پولیس کے مطابق فرزانہ نے 28 فروری کو محلہ کے ایک نوجوان سنيل کے خلاف شادی کا جھانسہ دے کر عصمت ریزی  کی شکایت درج کروائی تھی اور وہ 2 مارچ کو مجسٹریٹ کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرانے والی تھی۔ تاہم اسی دن اس کی نعش ایک کھیت سے برآمد ہوئی جسے  فصل کے درمیان چھپا دیا گیا تھا۔

 

ابتدائی طور پر خاندان کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ لڑکی عصمت ریزی کے معاملہ کے سبب ذہنی دباؤ میں تھی اور اس نے زہر کھا کر خودکشی کر لی۔ تاہم جائے وقوعہ کے معائنہ کے دوران پولیس کو کچھ مشتبہ شواہد ملے جن میں بغیر ڈھکن کی پلاسٹک بوتل اور سیلفوس (زرعی زہر) کے آثار شامل تھے، جس سے پولیس کو شک ہوا اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا۔

 

فتح پور کے سرکل آفیسر برج موہن رائے کے مطابق پولیس نے لڑکی کی ماں سے بیٹی کی موت کے بارے میں شکایت درج کرانے کو کہا لیکن اس نے انکار کر دیا۔ بعد ازاں گاؤں کے چوکیدار کی تحریری شکایت پر قتل اور ثبوت مٹانے کا مقدمہ درج کیا گیا۔

 

تحقیقات کے دوران پولیس نے مقتولہ کی ماں اور بھائی کے کال ڈیٹیل ریکارڈ (CDR) کا جائزہ لیا جس میں واقعہ کی رات دونوں کے درمیان متعدد فون کالز کا انکشاف ہوا۔ موبائل لوکیشن سے بھی ثابت ہوا کہ ماں واقعہ کے وقت اسی کھیت میں موجود تھی جہاں بعد میں لاش برآمد ہوئی۔

 

شک گہرا ہونے پر پولیس نے ماں افسانہ اور بھائی افسر کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو دونوں نے جرم کا اعتراف کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے بتایا کہ لڑکی کے ایک نوجوان کے ساتھ تعلقات اور اس کی جانب سے زیادتی کی شکایت درج کرانے کے بعد خاندان کو معاشرہ میں بدنامی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، اسی وجہ سے انہوں نے اسے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

 

پولیس کے مطابق 2 مارچ کی علی الصبح ماں اور بھائی فرزانہ کو کھیت میں لے گئے جہاں پہلے سے خریدا گیا سیلفوس زہر پانی میں ملا کر زبردستی پلایا گیا۔ بھائی نے اسے قابو میں رکھا جبکہ ماں نے زہر پلایا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ بعد میں لاش کو کھیت میں چھوڑ کر اسے خودکشی کا واقعہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی۔

 

پولیس نے مقتولہ کی ماں اور بھائی کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ عصمت ریزی کے مقدمہ میں نامزد نوجوان سنیل کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔ واقعہ نے علاقے میں شدید سنسنی پھیلا دی ہے اور لوگ اس سفاکانہ قتل پر حیرت اور غم کا اظہار کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button