درندہ صفت باپ نے معصوم بیٹے کا قتل کردیا۔ تلنگانہ کے ضلع میدک میں دل دہلا دینے والی واردات

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے میدک ضلع میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔اپنے بیٹے کے بارے میں شبہہ کی بنیاد پر ایک باپ نے ہی اپنے کمسن بیٹے کو قتل کر دیا۔
یہ افسوسناک واقعہ اتوار کے روز میدک منڈل کے پیدابائی تانڈہ میں پیش آیا۔ میدک رورل پولیس کے مطابق پیدابائی تانڈہ سے تعلق رکھنے والے بداوت بھاسکر کی شادی چھ سال قبل اسی منڈل کے ایک گاؤں کی نوجوان خاتون سے ہوئی تھی۔میاں بیوی دونوں مزدوری کر کے گزر بسر کرتے تھے اور ان کا ایک تین سالہ بیٹا تھا۔
شوہر اور بیوی کے درمیان اکثر گھریلو جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔اسی دوران جمعہ کے روز بھاسکر نے اپنی بیوی پر تشدد کیا جس کے بعد وہ میدک سرکاری ہاسپٹل میں علاج کروا کر اپنے میکے چلی گئی۔گزشتہ دو دنوں سے بچہ باپ کے ساتھ ہی تھا۔پولیس کے مطابق بچے کے بارے میں بھاسکر کو یہ شبہہ تھا
کہ وہ اس کی اولاد نہیں ہے، اسی شبہہ کی بنیاد پر باپ نے اسے قتل کر دیا۔اطلاع ملنے پر رورل پولیس نے بچے کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے میدک ایریا ہاسپٹل منتقل کیا۔ملزم بھاسکر کو حراست میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے۔



