جرائم و حادثات

سرپنچ بننے کی خواہش، درندہ صفت باپ نے بیٹی کو ہی قتل کردیا۔ تلنگانہ کے نظام آباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ

نظام آباد: سرپنچ کے عہدے کی ہوس نے باپ کی محبت کو مات دے دی۔ پنچایت انتخابات میں رکاوٹ بننے کے خوف سے ایک سنگدل باپ نے اپنی ہی بیٹی کو قتل کر دیا۔ تلنگانہ کے نظام آباد ضلع میں سامنے آنے والا یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہر کسی کو جھنجھوڑ کر رکھ دینے والا ہے۔

 

مہاراشٹرا کے موتکھید منڈل کے کیرور گاؤں سے تعلق رکھنے والے پانڈورنگ نے یہاں سے آئندہ پنچایت انتخابات میں سرپنچ کے طور پر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اس کے تین بچے تھے اور اسے یہ خدشہ لاحق تھا کہ تین بچوں کی صورت میں وہ پنچایت انتخابات کے لیے اہل نہیں رہے گا۔

 

اسی تشویش میں مبتلا پانڈورنگ نے اس مسئلے سے نکلنے کا راستہ تلاش کرنا شروع کیا۔اسی دوران موجودہ سرپنچ گنیش شِنڈے نے اسے مشورہ دیا کہ تین بچوں میں سے ایک کو راستے سے ہٹا دیا جائے تاکہ انتخابی اہلیت برقرار رہے۔

 

اس سفاکانہ مشورے پر بغیر کسی سوچ بچار کے پانڈورنگ نے اپنی بڑی بیٹی پراچی کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ قتل کے بعد اس نے نعش کو نظام آباد ضلع کے ایڈپلی منڈل میں واقع ڈی–46 نہر میں پھینک دیا۔حال ہی میں جب بچی کی لاش برآمد ہوئی

 

تو پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کیں۔ تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ مقتولہ کا اپنا باپ ہی اس کا قاتل ہے۔ جب قتل کے پس منظر کی جانچ کی گئی تو یہ بھیانک حقیقت سامنے آئی۔

 

اس معاملے میں نظام آباد پولیس نے موجودہ گاؤں کے سرپنچ گنیش شِنڈے اور مقتولہ کے والد پانڈورنگ کو گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں دے‌دیا گیا۔ یہ سفاکانہ واردات ضلع میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔

 

سرپنچ بننے کی خواہش، درندہ صفت باپ نے بیٹی کو ہی قتل کردیا۔ تلنگانہ کے نظام آباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ

 

متعلقہ خبریں

Back to top button