جرائم و حادثات

حیدرآباد کے پرانے شہر میں ڈبل بیڈ روم مکانات کے نام پر دھوکہ

حیدرآباد/ شہریوں کو حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے ڈبل بیڈ روم فلیٹس دلانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیانے والے گروہ کو نارتھ زون ٹاسک فورس ٹیم اور بنڈلہ گوڑہ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

 

گرفتار ملزمین میں 25 سالہ محمد احمد (ساکن غوث نگر)، 21 سالہ محمد امجد (ساکن اسماعیل نگر)، 33 سالہ راج کمار ریڈی (ساکن بنڈلہ گوڑہ) اور 32 سالہ میر کوثر علی (ساکن گولکنڈہ) شامل ہیں۔

 

پولیس کے مطابق گروہ کا سرغنہ محمد احمد ہے جو رئیل اسٹیٹ کے کاروبار میں ناکامی کے بعد اپنے ساتھی محمد امجد کے ساتھ مل کر عوام کو سرکاری اسکیم کے تحت فلیٹس دلوانے کا لالچ دینے لگا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے راج کمار ریڈی سے رابطہ کیا، جو ایک سرکاری ہاؤسنگ اسکیم کی تعمیراتی سائٹ پر بطور سپروائزر کام کرتا تھا۔

 

یہ شاطر افراد متاثرین کو فلیٹس کے تعمیراتی مقام پر لے جا کر انہیں فلیٹس کی منظوری دلوانے کے بہانے لاکھوں روپے وصول کرتے۔ بعد ازاں جعلی الاٹمنٹ آرڈر تیار کر کے متاثرین کے حوالے کیے جاتے۔

 

پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمین کے قبضے سے 5 لاکھ 50 ہزار روپے نقد رقم، اور ڈبل بیڈ روم اسکیم کی 11 فرضی دستاویزات برآمد کی ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں، اور پولیس کو شبہ ہے کہ اس گروہ سے مزید انکشافات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button