گانجہ اسمگلرس نے خاتون کانسٹیبل کو ٹکر دے دی۔ تلنگانہ کے نظام آباد میں تلاشی مہم کے دوران واقعہ

نظام آباد: ریاست تلنگانہ نظام آباد شہر کے مضافات میں گانجہ گینگ نے ہلچل مچادی۔ جمعہ کی رات آدھی رات کو ایکسائز عملہ کی جانب سے گاڑیوں کی تلاشی کے دوران مادھو نگر کے پاس گاڑی سے ٹکر مار دی۔
اس واقعہ میں ایکسائز کی خاتون کانسٹیبل سومییا شدید زخمی ہو گئیں۔ انہیں علاج کے لیے شہر کے ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق ان کے گردے متاثر ہوئے ہیں۔ ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ محکمہ آبکاری کے حکام کو باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ گانجہ کی اسمگلنگ کی جا رہی ہے جس پر انہوں نے ناکہ بندی کرکے تلاشی مہم انجام دی اس دوران وہاں سے گزرنے والی ایک مشتبہ گاڑی کو خاتون کانسٹیبل روکنے کی کوشش کر رہی تھی کہ اس اسمگلروں نے پولیس سے بچنے کی کوشش میں خاتون کانسٹیبل کو ٹکر دی اور وہاں سے فرار ہو گئے۔
واقعہ کے بعد پولیس نے گاڑی کا پیچھا کیا اور دو گانجہ کے اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ ان کے پاس سے 2 کلو خشک گانجہ برآمد کیا گیا۔ ملزمین ضلع نرمِل کے رہنے والے بتایے گئے ہیں۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔



