شادی کی رات دلہا اچانک لاپتہ – 5 دن بعد پولیس نے محسن کو ڈھونڈ نکالا

سہاگ رات کے ڈرامائی موڑ: دلہا پانچ دن تک لاپتہ، ہری دوار سے بازیاب
اترپردیش کے میرٹھ ضلع کے سر دھنا میں شادی کی رات ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جب دلہا محسن عرف مونو رات 12 بجے گھر سے بلب لانے کے لئے نکلا اور تب سے لاپتہ رہا۔ محسن کی بارات گذشتہ چہارشنبہ کو مُزفر نگر کے خطولی گئی تھی اور نکاح کے بعد وہ دُلہن فریدہ کے ساتھ گھر واپس آیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق سہاگ رات کو محسن دُلہن کے کمرے میں گیا، جہاں دُلہن نے کم روشنی کے لئے بلب لانے کو کہا، جس پر محسن گھر سے باہر نکلا اور واپس نہیں آیا۔ اگلے دن محسن کی دو بہنوں کی شادی تھی، جنہیں بھائی کے بغیر ہی رخصت ہونا پڑا، اور پورا خاندان شدید صدمے میں ڈوب گیا۔
خاندانی کوششوں کے باوجود محسن کا کوئی سراغ نہیں ملا، جس پر گھر والوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ سر دھنا ایس او اشوتوش کمار کے مطابق، گمشدگی کی رپورٹ درج کر لی گئی اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں محسن کو آخری بار گنگ نہر کے قریب دیکھا گیا۔ پولیس نے نہر اور اطراف کے کھیتوں میں سرچ آپریشن کیا اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی تحقیقات کیں۔
پانچ دن کی تلاش کے بعد پیر کو محسن کا موبائل آن ہونے پر لوکیشن ہری دوار سے ملی، جس پر پولیس فوری وہاں پہنچی اور محسن کو محفوظ حالت میں بازیاب کر لیا۔ دُلہن کو اس کے گھر والے واپس مائکے خطولی لے گئے ہیں۔
اب سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ محسن نے سہاگ سیج پر بیوی کو چھوڑ کر آدھی رات کو کیوں گھر سے نکلنے کا فیصلہ کیا؟ محسن اس وقت کچھ بتانے کے لئے تیار نہیں ہے، اور سوشل میڈیا پر اس واقعہ کو لے کر مختلف قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ گھر والوں کا کہنا ہے کہ شادی دونوں خاندانوں کی رضا مندی سے ہوئی تھی اور دونوں خوش تھے




