محبت کے جال میں پھانس کر معذور نوجوان کے ساتھ جنسی زیادتی۔ کیرالہ میں خاتون اور اس کے ساتھی گرفتار

نئی دہلی: کیرالہ میں ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک معذور (گونگے اور بہرے) نوجوان کو ‘ہنی ٹریپ’ کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ واقعہ کوچی کے علاقے پنم پلی نگر میں پیش آیا۔
شمالی پراوور سے تعلق رکھنے والی سپنا نامی لڑکی نے اپنے تین ساتھیوں (جان راہول، امل اور آنند) کے ساتھ مل کر کولم کے رہنے والے امل دیو نامی نوجوان کو اپنے جال میں پھنسایا۔ سپنا نے کچھ عرصے تک نوجوان سے پیار بھری باتیں کیں اور 25 فروری کو اسے پنم پلی کے ایک لاج (ہوٹل) میں ملنے کے لیے بلایا۔
اگرچہ نوجوان نے ساحلِ سمندر (بیچ) پر ملنے کی تجویز پیش کی لیکن لڑکی نے اصرار کر کے اسے لاج ہی بلوایا۔امل دیو شام 6 بجے کے قریب لاج پہنچا جہاں لڑکی کے تینوں دوست پہلے ہی باتھ روم میں چھپے ہوئے تھے۔ منصوبے کے مطابق سپنا نے نوجوان پر جنسی تعلقات کے لیے دباؤ ڈالا تاکہ وہ مختلف حالتوں میں اس کی تصاویر اور ویڈیوس بنا کر اسے بلیک میل کر سکے۔
جب نوجوان نے انکار کیا تو باتھ روم میں چھپے تینوں لڑکوں نے باہر نکل کر اس کی شدید پٹائی کی ملزمین نے نوجوان کو برہنہ کر کے اس کی تصاویر اتاریں اور دھمکی دی کہ اگر پیسے نہ دیے تو تصاویر ڈیلیٹ نہیں کریں گے۔ انہوں نے اس کے ‘گوگل پے’ کا پن نمبر لے کر رقم نکالنے کی کوشش کی لیکن اکاؤنٹ میں بیلنس کم ہونے کی وجہ سے وہ اسے وہیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
متاثرہ نوجوان نے فوری طور پر پولیس سے رجوع کیا۔ پولیس نے لاج کی سی سی ٹی وی (CCTV) فوٹیج کی مدد سے ملزمین کی شناخت کی اور لڑکی سمیت چاروں افراد کو حراست میں لے لیا۔حیران کن بات یہ ہے کہ جب پولیس ملزمین سے پوچھ گچھ کر رہی تھی تو ملزمہ سپنا کی ہنستے ہوئے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
اس بے حسی پر انٹرنیٹ صارفین شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور سخت سزا کا مطالبہ کر رہے ہیں۔



