حیدرآباد میں لگی بھیانک آگ، گیس سلنڈرس پھٹ پڑے۔18 دکانات جل کر خاکستر

حیدرآباد: شہر کے علاقہ باچوپلی میں منگل کی رات مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ مین روڈ کے کنارے کئی فرنیچرکی دکانیں آگ کی نذر ہو گئیں۔ اس واقعے میں تقریباً 5 کروڑ روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔
باچوپلی۔میاں پور مرکزی شاہراہ پر واقع کے جی آر کنونشن سینٹر سے سائی نگر روڈ کے موڑ تک تقریباً 25 فرنیچر کی دکانیں موجود ہیں۔ ہر دکان میں لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی اور دیگر سامان ذخیرہ کیا جاتا ہے۔
منگل کی رات تقریباً 10 بج کر 45 منٹ پر بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث ایک دکان سے آگ بھڑک اٹھی۔ چند ہی منٹوں میں آگ نے ساتھ موجود مزید 18 دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
بعض تاجر وہیں رہتے بھی ہیں جس کے باعث وہاں رکھے گئے گھریلو گیس سلنڈر زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے۔آگ قریبی کے جی آر کنونشن سینٹر کے سامنے والے حصے تک بھی پھیل گئی۔
اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔



