بیوی کو عاشق کے ساتھ فرار ہونے پر شوہر نے ڈھونڈ کر قتل کر دیا – تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں دل دہلا دینے والا واقعہ
تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی کے ظہیرآباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں شوہر نے مبینہ طور پر بیوی کو اپنے عاشق کے ساتھ گھر سے بھاگ جانے پر بے دردی سے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق 29 سالہ کویتا، جو سدھارریڈی کی اہلیہ تھی، کے ایک شخص پون ریڈی کے ساتھ مبینہ ناجائز تعلقات تھے ۔ اسی دوران 27 مارچ کو وہ اپنے عاشق کے ساتھ گھر سے فرار ہو گئی تھی۔ شوہر کی شکایت پر 30 مارچ کو ظہیرآباد پولیس نے گمشدگی کا مقدمہ درج کیا تھا۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے کویتا کو جڑچرلہ میں پون ریڈی کے ساتھ موجود پایا، جس کے بعد پولیس ٹیم اسے واپس ظہیرآباد لانے کے لئے روانہ ہوئی۔ اس دوران شوہر سدھارریڈی بھی پولیس کے ساتھ موجود تھا۔
واپسی کے دوران، جب گاڑی سداشیوپیٹ منڈل کے نندی کندی علاقے کے قریب پہنچی، تو شوہر نے مبینہ طور پر طیش میں آ کر اپنی بیوی پر چاقو سے حملہ کر دیا اور اس کے گلے پر وار کیا۔
شدید زخمی کویتا کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔پولیس نے اس واقعہ پر مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔



