جرائم و حادثات

عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کا قتل،ملزمہ اور اس کا آشنا گرفتار۔ حیدرآباد کی رچہ کنڈہ پولیس کی کاروائی

عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کا قتل۔ ملزمہ اور اس کا آشنا گرفتار

 

حیدرآباد: رچہ کونڈا کمشنریٹ کے حدود میں واقع میڈی پلی پولیس نے ایک قتل کے مقدمہ کو حل کرتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایک خاتون نے اپنے ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے پر اپنے شوہر کو اپنے عاشق اور ایک دوسرے شخص کے ساتھ مل کر قتل کر دیا۔

 

یہ افسوسناک واقعہ بوڑاوپل سرکل کے برنداون کالونی میں پیش آیا۔وی جے اشوک (45) سال سری ندھی یونیورسٹی میں لاجسٹکس مینیجر کے طور پر کام کرتا تھا اور اپنی بیوی اور بیٹے کے ساتھ بوڑ اوپل میں رہتا تھا۔ اس کی بیوی پورنیما گھر پر ہی ایک پلے اسکول چلاتی تھی۔

 

پورنیما نے پولیس میں شکایت درج کروائی کہ اس کے شوہر باتھ روم میں بے ہوشی کی حالت میں گرے ہوئے تھے اور بعد میں ان کی موت ملکاجگیری سرکاری اسپتال میں ہو گئی۔ابتدائی طور پر کسی قسم کا شک ظاہر نہیں کیا گیا اور پولیس نے معمول کے مطابق مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔

 

تاہم تفتیش کے دوران نعش پر چوٹوں کے نشانات، خاص طور پر گال اور گردن پر زخم پائے گئے، جس سے موت کے بارے میں شکوک پیدا ہوئے۔ اس کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی شواہد کی مدد سے پولیس نے گہرائی سے تفتیش کی تو اصل حقیقت سامنے آ گئی۔

 

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ پورنیما کا اسی کالونی میں رہنے والے تعمیراتی مزدور مہیش (22) کے ساتھ ناجائز تعلق تھا۔ شوہر اشوک کو جب اس پر شک ہوا تو اس نے پورنیما سے سوالات کرنا اور اسے پریشان کرنا شروع کیا۔ اس کے بعد بیوی پورنیما اور اس کے عاشق مہیش نے اشوک کو قتل کرنے کی سازش رچی۔

 

اس منصوبے میں یادادری سے تعلق رکھنے والے طالب علم بھوکیا سائی کمار (22) کی مدد بھی لی گئی۔ منصوبے کے مطابق اسی مہینے کی 11 تاریخ کو جب اشوک گھر واپس آیا تو مہیش اور سائی نے اس پر حملہ کیا جبکہ پورنیما نے اس کے پاؤں پکڑ رکھے۔ بعد ازاں مہیش نے تین دوپٹہ کی مدد سے گلا گھونٹ کر اسے قتل کر دیا۔

 

قتل کے بعد مقتول کے کپڑے تبدیل کیے گئے اور ثبوت مٹانے کے لیے جرم میں استعمال ہونے والی اشیاء کو پھینک دیا گیا۔ پھر رشتہ داروں کو گمراہ کرنے کے لیے یہ بتایا گیا کہ اشوک کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔پولیس نے ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتارکرلیا۔

 

رچہ کونڈا پولیس کمشنر جی سدھیر بابو کی قیادت میں، ملکاجگیری زون کے ڈی سی پی سی ایچ سری دھر، ملکاجگیری ڈویژن کے اے سی پی ایس چکرپانی کی نگرانی میں، میڈی پلی پولیس اسٹیشن کے سی آئی آر گووند ریڈی، ایس آئی اے نرسنگ راؤ، جی ادے بھاسکر اور دیگر عملے پر مشتمل ٹیموں نے ملزمین کو گرفتارکیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button