شوہر نے کہا ٹی وی کا آواز کم کرو ، بیوی نے شوہر کا ہی قتل کردیا۔ احمد اور کرانتی کی 6 ماہ قبل ہوئی تھی لو میریج

حیدرآباد ۔ ریاست آندھراپردیش ضلع گنٹور منگل گیری میں ایک افسوسناک پیش آیا جہاں معمولی نوعیت کے تنازعہ نے سنگین رخ اختیار کر لیا۔ اطلاعات کے مطابق ٹی وی کی آواز کم کرنے کے معاملے پر میاں بیوی کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی نے شدت اختیار کی اور بیوی نے شوہر کی جان لے لی۔
مقتول کی شناخت 27 سالہ شیخ احمد کے طور پر ہوئی ہے جو پیشے کے لحاظ سے اے سی مکینک تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نے تقریباً چھ ماہ قبل کرانتی نامی خاتون سے محبت کی شادی کی تھی۔ شادی کے بعد دونوں ٹڈکو (TIDCO) ہاؤسنگ کالونی، منگل گیری میں مقیم تھے۔
پولیس کے ابتدائی بیان کے مطابق واقعے کے روز جب احمد نے اپنی بیوی سے ٹی وی کی آواز کم کرنے کو کہا تو دونوں کے درمیان بحث شروع ہو گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ مبینہ طور پر غصہ کی حالت میں بیوی نے چاقو سے حملہ کر دیا جس سے احمد شدید زخمی ہو گیا۔ شور و غل سن کر پڑوسی موقع پر پہنچے اور زخمی کو فوری طور پر وجئے واڑہ کے گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے اسے بچانے کی کوشش کی تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لا کر فوت ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمہ کو حراست میں لے لیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جن میں پڑوسیوں کے بیانات اور جائے وقوعہ سے حاصل شدہ شواہد شامل ہیں۔



