شوہر نے پولیس اسٹیشن میں بیوی کا فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ عاشق کے ساتھ بھاگ گئی تھی

لکھنؤ: عاشق کے ساتھ بھاگ جانے والی بیوی کو ایک شوہر نے پولیس اسٹیشن میں فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ اس نے خفیہ طور پر لائی گئی دیسی ساختہ بندوق نکالی اور پولیس کی موجودگی میں ہی اپنی بیوی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
یہ واقعہ اترپردیش کے ہردوئی ضلع میں پیر کی صبح پیش آیا۔پولیس کے مطابق راماپور گاؤں کے رہنے والے انوپ اور سونی (30) سال کی شادی 17 سال قبل ہوئی تھی۔ سونی کی شاہجہان پور کے رہنے والے سرجیت نامی شخص سے جان پہچان ہو گئی تھی۔
اسی ماہ کی 7 تاریخ کو وہ اپنے محبوب کے ساتھ گھر سے بھاگ گئی تھی۔ انوپ کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اتوار کے روز سونی کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔اگلے دن جب پولیس اسے طبی معائنے کے لیے ہاسپٹل لے جانے کی تیاری کر رہی تھی اسی دوران انوپ چند رشتہ داروں کے ساتھ وہاں پہنچا۔
دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد انوپ نے بندوق سے فائرنگ کر دی۔ پولیس نے فوراً سونی کو ہاسپٹل منتقل کیا تاہم وہ علاج کے دوران جانبر نہ ہو سکی۔پولیس نے انوپ کو گرفتار کر لیا ہے اور بندوق بھی ضبط کر لی گئی ہے۔
اس واقعے کے سلسلے میں دو کانسٹیبلس کو معطل کر دیا۔



