جرائم و حادثات

میکہ جانے کے مسئلہ پر جھگڑا: شوہر نے بیوی اور تین بچوں کا گلا گھونٹ کر خودکشی کرلی 

میکہ جانے کے مسئلہ پر ہوئے جھگڑے نے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی موت ہوگئی ۔جن میں تین معصوم بچے بھی شامل ہیں بتایا جاتا ہے کہ شوہر نے پہلے بیوی اور تین بچوں کا گلا گھونٹ  کر قتل کردیا اس کے بعد فیان سے پھندا لگا کر خودکشی کرلی

 

اترپردیش کے شراوستی ضلع میں میں ایک ہولناک واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک شخص نے اپنی بیوی اور تین معصوم بچوں کا گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد خود بھی پھانسی لگا کر جان دے دی۔ گھر والوں نے صبح دیر تک دروازہ نہ کھلنے پر کھڑکی سے جھانک کر دیکھا تو بیوی اور بچوں کی نعشیں بستر پر پڑی تھیں جبکہ شوہر کا جسم پھندے سے جھول رہا تھا۔ کمرہ اندر سے بند تھا، جس کے بعد گھر والوں نے دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو کر پولیس کو اطلاع دی۔

 

پولیس، ڈاگ اسکواڈ اور فارنسک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کر دیا۔ ابتدائی تفتیش میں تصدیق ہوئی ہے کہ شوہر نے پہلے بیوی اور بچوں کو گلا گھونٹ کر مارا اور بعد میں خودکشی کی۔

 

واقعہ شراوستی ضلع کے  منیہارپوروا گاؤں کا ہے۔ مقتول روز علی اپنی بیوی شہناز اور تین بچوں گلناز (11)، تبسم (10) اور ڈیڑھ سالہ بیٹا معین کے ساتھ ممبئی میں رہتا تھا اور صرف پانچ دن پہلے بہن کی شادی کا رشتہ طے کرنے کے لئے گاؤں آیا تھا۔

 

گھر والوں نے بتایا کہ روز علی ممبئی سے واپسی کے بعد ہر روز اپنی سوتیلی ماں فاطمہ کے گھر آتا جاتا تھا اور اس کی بیوی بھی روزانہ صبح کچھ وقت وہاں گزارتیں، جبکہ بچے بھی وہیں کھیلتے تھے۔ جمعرات کی رات پورا خاندان کھانا کھا کر تقریباً گیارہ بجے سونے چلا گیا تھا۔

 

جمعہ کی صبح جب دیر تک کوئی باہر نہیں آیا تو گھر والوں کو شبہ ہوا۔ بار بار دستک دینے کے باوجود اندر سے کوئی جواب نہیں ملا۔ کھڑکی کھول کی کر دیکھا تو وہ دل دہلانے والا منظر سامنے آیا۔ گھر والوں اور پڑوسیوں نے مل کر دروازہ توڑا تو معلوم ہوا کہ تمام افراد کی موت ہو چکی تھی۔

 

ضلع ایس پی راہل بھاٹی کے مطابق کچھ روز پہلے میاں بیوی کے درمیان میکے جانے کو لے کر جھگڑا ہوا تھا، جسے ممکنہ وجہ مان کر مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس قتل اور خودکشی دونوں پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button