حیدرآباد میں دل دہلا دینے والی واردات: عنبرپیٹ میں پورا خاندان بیٹی کے غم میں پھانسی پر لٹک گیا
حیدرآباد میں دل دہلا دینے والی واردات: عنبرپیٹ میں پورا خاندان بیٹی کے غم میں پھانسی پر جھول گیا!
حیدرآباد شہر کے عنبرپیٹ میں ایک دل دہلا دینے والے واقعہ نے ہر کسی کو سکتہ میں ڈال دیا۔ آر کے نگر میں رہائش پذیر ایک جوڑے نے اپنی کمسن بیٹی کے ساتھ مل کر اجتماعی خودکشی کر لی۔ یہ قدم انہوں نے اپنی بڑی بیٹی کی دردناک موت کے غم میں اٹھایا، جو چند ماہ قبل خودکشی کر چکی تھی۔
تفصیلات کے مطابق، متوفی سرینواس واچ مین کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے جبکہ ان کی بیوی بھی گاندھی ہاسپٹل میں واچ وومن کی حیثیت سے ملازمت کر رہی تھی۔ اس خاندان کی دو بیٹیاں تھیں۔ چار ماہ قبل 16 سالہ بڑی بیٹی کاویا نے خودکشی کر لی تھی، جس کے بعد یہ جوڑا شدید صدمے، تناؤ اور ذہنی بے چینی کا شکار تھا۔
رشتہ داروں کے مطابق، والدین اکثر کہا کرتے تھے کہ “ہمیں بھی اپنی بیٹی کے پاس جانا ہے” اور گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے وہ لوگوں سے میل جول کم کر کے تنہائی میں رہنے لگے تھے۔ گزشتہ دو روز سے فون پر رابطہ نہ ہونے پر رشتہ داروں نے گھر کا رخ کیا تو دروازہ کھولتے ہی دل دہلا دینے والا منظر سامنے آیا—سرینواس، ان کی اہلیہ جے کاشمی، اور دوسری بیٹی شراویا کی نعشیں گھر میں پھانسی کے پھندے سے لٹکی ہوئی تھیں۔
پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ والدین نے اپنی بڑی بیٹی کی موت کے صدمے میں منصوبہ بند انداز میں اپنی دوسری بیٹی کے ساتھ مل کر اجتماعی خودکشی کی ہے۔
علاقے میں غم و صدمہ کی لہر دوڑ گئی اور پڑوسی اس المناک اور ناقابلِ یقین واقعہ سے ابھی تک سنبھل نہیں پا رہے۔



