جرائم و حادثات

حیدرآباد آنے والی بس لاری سے ٹکرا کر شعلہ پوش – 3 مسافر ہلاک 10 زخمی

حیدرآباد ۔ریاست آندھراپردیش میں خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔آدھی رات کے وقت مسافروں سے بھری ایک خانگی ٹراویلس کی بس ٹائر پھٹنے کے باعث بس بے قابو ہو گئی۔ بس ڈیوایڈر کو عبور کرتے ہوئے سڑک کے دوسری جانب سامنے سے آ رہی ایک لاری سے ٹکرا گئی، جس کے بعد بس میں آگ لگ گئی۔

 

اس خوفناک حادثے میں تین افراد موقع پر ہی ہلاک جبکہ متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق نیلور سے 36 مسافروں کو لے کر حیدرآباد جا رہی اے آر بی سی وی آر پرائیویٹ ٹراویلس کی بس چہارشنبہ کی شب دو بجے کے بعد نندیال ضلع کے شِری منڈل کے شِری ویلمیٹ کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔

 

ٹائر پھٹنے کے باعث بس ڈیوائیڈر پار کر کے سامنے سے آ رہی کنٹینر لاری سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں بس ڈرائیور کے علاوہ لاری کا ڈرائیور اور کلینر ہلاک ہو گئے۔ ٹکر کے فوراً بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والے ایک ڈی سی ایم ڈرائیور نے اپنی گاڑی روک کر بس کے شیشے توڑے جس کے باعث مسافر جان بچانے میں کامیاب رہے۔

 

کھڑکیوں سے چھلانگ لگانے کے دوران دس سے زائد مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں۔ آگ پھیلنے سے لاری بھی جل کر خاک ہو گئی۔ بس ڈرائیور، لاری ڈرائیور اور کلینر کی نعشیں اس قدر جھلس گئیں کہ شناخت مشکل ہو گئی۔ مسافروں کا تمام سامان بھی جل کر راکھ ہو گیا۔

 

اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ بچاؤ اور راحت کاری کے کام انجام دیئے گئےجبکہ زخمیوں کو نندیال کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں خانگی کی ٹراویلس کے بس حادثات کی وجہ سے مسافرین میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔

 

پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button