بیانڈ بجانے والوں سے رشوت لیتے ہوئے حیدرآباد میں سب انسپکٹر گرفتار

حیدرآباد: صوتی آلودگی کے مقدمہ میں بیانڈ باجہ کے سامان کی واپسی کے بدلے رشوت طلب کرنے والے جگت گیری گٹہ پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر شنکر کو اے سی بی نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
اے سی بی کے ڈی ایس پی سرینیواس ریڈی کے مطابق پاپی ریڈی نگر کا کرن بینڈ ماسٹر ہے۔ مارچ میں اس کے خلاف مقررہ وقت سے زیادہ دیر تک باجہ بجانے کی شکایت پر ایس ایس آئی شنکر نے کارروائی کی تھی اور سامان ضبط کرکے عدالت میں جمع کروا دیا تھا۔
حال ہی میں کرن نے عدالت کا آرڈر حاصل کیا اور سامان کی واپسی کے لیے پولیس سے رابطہ کیا۔پندرہ دن گزرنے کے باوجود جب اس کی درخواست پر کوئی کارروائی نہ ہوئی تو درمیانے شخص ناگیندر نے ایس آئی شنکر کے ساتھ بات چیت شروع کی اور ایس آئی نے سامان کے بدلے 15 ہزار روپے کی رشوت طلب کی۔
متاثرہ شخص نے اس بات چیت کی ویڈیو ریکارڈ کر کے اے سی بی کو شکایت کی۔ ہفتے کے روز اے سی بی کے ڈی ایس پی کی قیادتمیں جگت گیری گٹہ پولیس اسٹیشن پر چھاپہ مارا گیا اور ناگیندر کے ذریعہ رشوت لیتے ہوئے ایس ایس آئی شنکر کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیاگیا۔
اے سی بی نے پولیس آفیسر شنکر اور درمیانی شخص کو گرفتار کر کے نامپلی اے سی بی کورٹ میں پیش کر دیا۔