بیٹی کے زیوارات کے تنازعہ پر سمدھی اور سمدھن پر قاتلانہ حملہ – حیدرآباد کے فرسٹ لانسر میں دو بہنوں کے خاندان میں جھگڑا
حیدرآباد کے فرسٹ لانسر علاقہ میں محسن نواز نامی شخص نے بیٹی کے زیوارات کے تنازعہ پر اپنے سمدھی اور سمدھن پر قاتلانہ حملہ کر دیا، جس سے خاندانی رنجش نے پرتشدد شکل اختیار کر لی۔بتایا گیا ہے کہ حملہ آور محسن نواز اور شریف آپس میں سگے ہم زلف بھی ہیں یہ واقعہ فرسٹ لینسر علاقے میں، مہدی پٹنم پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا، جس کے باعث علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ سال محسن نواز کی بیٹی کی شادی محمد شریف کے بیٹے سے ہوئی تھی، جس کے بعد داماد بیرونِ ملک کینیڈا منتقل ہو گیا۔ حال ہی میں محسن نواز اور ان کی اہلیہ اپنی بیٹی کے سسرال آکر بیٹی کو لے گئے اور اتوار کو پھر یہ دونوں دوبارہ سمدھی کے گھر پہنچے اور زیوارات دینے کا مطالبہ کیا ۔ سونے کے زیورات کو لے کر دونوں خاندانوں کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے، جو رفتہ رفتہ شدید جھگڑے میں بدل گئے۔
جھگڑے کے دوران محسن نواز نے مبینہ طور پر اپنی سمدھن پر چاقو سے حملہ کر دیا، بیچ بچاؤ میں شریف بھی زخمی ہوگئے جس کے نتیجہ میں دونوں کو معمولی زخم آئے۔ زخمی جوڑے کو فوری طور پر علاج کے لیے قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مہدی پٹنم پولیس موقع پر پہنچ گئی، مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے جانچ کے بعد آئندہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



