حیدرآباد میں اسپا کی آڑ میں جسم فروشی کا پردہ فاش

حیدرآباد ۔ شہر کے کوکٹ پلی کے علاقے میں واقع آسناویلنیس اسپا سنٹر پر پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر اچانک چھاپہ مارا۔ اطلاعات کے مطابق اسپا کی آڑ میں مبینہ طور پر جسم فروشی کا غیر قانونی کاروبار چلایا جا رہا تھا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران مقام سے 30 نوجوان مردوں اور 15 نوجوان خواتین کو حراست میں لے لیا۔ اس کے علاوہ اسپا کے منتظمین اور عملے کے چند افراد کو بھی پوچھ گچھ کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس کو کچھ عرصے سے اس مقام پر مشکوک سرگرمیوں کی شکایات موصول ہو رہی تھیں جس کے بعد نگرانی کی گئی اور شواہد ملنے پر چھاپہ مارا گیا۔ موقع سے بعض دستاویزات اور دیگر مواد بھی ضبط کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شہر میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی
اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔



