جرائم و حادثات

حیدرآباد میں خاتون سب انسپکٹر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار — اسکوٹی کی ڈِکی میں رقم رکھنے کی ہدایت نے پول کھول دیا

سکندرآباد بویین پلی پولیس اسٹیشن میں اے سی بی کا چھاپہ — رشوت لیتے ہوئے خاتون ایس آئی اور رائٹر رنگے ہاتھوں گرفتار

 

حیدراباد – سکندرآباد بوئن پلی پولیس اسٹیشن میں رشوت لیتے ہوئے خاتون سب انسپکٹر نندیتا اور رائٹر وجے کو اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے عہدیداروں نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

 

تفصیلات کے مطابق، محبت کی شادی کرنے والے نوجوان ابھیشیک نے اپنے والدین کے راضی نہ ہونے پر پولیس سے مدد طلب کی تھی۔ تاہم الزام ہے کہ ایس آئی نندیتا نے والدین سے بات کرانے کے لئے پولیس اسٹیشن بلایا اور رقم کا مطالبہ کیا۔ رقم دینے سے انکار پر نوجوان کے خلاف یہ الزام لگاتے ہوئے کہ اس نے اپنے والد کو مارا ہے، مقدمہ درج کرکے اسے جیل بھیج دیا گیا۔

 

بعد ازاں ضمانت پر رہائی کے بعد ہر پیر کو دستخط کے لیے آنے والے ابھیشیک سے رائٹر وجے نے 10 ہزار روپے اور ایس آئی نندیتا نے 30 ہزار روپے کا مطالبہ کیا۔ مسلسل دباؤ سے تنگ آکر متاثرہ شخص نے اے سی بی سے شکایت کی۔

 

اے سی بی کی ہدایت پر جب متاثرہ شخص رشوت دینے کے لئے پہنچا تو ایس آئی نندیتا نے اس سے اسکوٹی کی چابی دے کر رقم ڈکی میں رکھنے کو کہا۔ جیسے ہی متاثرہ شخص نے رقم رکھی، اے سی بی عہدیداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ایس آئی نندیتا اور رائٹر وجے کو موقع پر ہی رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button