حیدرآباد میں بوائے فرینڈ کے ساتھ مل کر منشیات فروخت کرنے والی خاتون سافٹ ویئر انجینئر گرفتار

حیدرآباد میں سافٹ ویئر کمپنی کی آڑ میں منشیات کا دھندا! بوائے فرینڈ کے ساتھ مل کر ڈرگس فروخت کرنے والی خاتون انجینئر بے نقاب
حیدرآباد _ حیدرآباد ایک بار پھر منشیات کے سنسنی خیز معاملہ سے دہل اٹھا، جہاں چکڑاپلی علاقے میں پولیس نے فلمی انداز میں کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم ڈرگ مافیا کا پردہ فاش کر دیا۔ اس کارروائی میں ایک معروف سافٹ ویئر کمپنی میں کام کرنے والی خاتون سافٹ ویئر انجینئر، اس کا بوائے فرینڈ اور ان کے دو ساتھیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق، جدید طرزِ زندگی اور اعلیٰ تعلیم کی آڑ میں یہ خاتون اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ مل کر شہر میں منشیات کی سپلائی کر رہی تھی۔ نوجوانوں اور آئی ٹی پروفیشنلز کو نشانہ بنا کر MDMA، LSD اور مہنگی OG کُش فروخت کی جا رہی تھی۔ خفیہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے منصوبہ بند دھاوہ کیا اور ملزمین کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
دھاوے کے دوران پولیس نے بھاری مقدار میں منشیات ضبط کی، جن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت تقریباً چار لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ نیٹ ورک حیدرآباد کے مختلف علاقوں تک پھیلا ہوا تھا اور سوشل میڈیا و خفیہ چیٹ ایپس کے ذریعے گاہکوں سے رابطہ کیا جاتا تھا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں اس ڈرگ نیٹ ورک سے جڑے مزید نام سامنے آ سکتے ہیں۔



