جرائم و حادثات

تلنگانہ کے جگتیال میں جعلی مین پاور کنسلٹنسی کا پردہ فاش – بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر نوجوانوں سے دھوکہ

بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر نوجوانوں سے دھوکہ، جعلی مین پاور کنسلٹنسی کا پردہ فاش

 

بیرونِ ملک روزگار کا خواب دکھا کر بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینے والی ایک جعلی مین پاور کنسلٹنسی کا پردہ تلنگانہ کی جگتیال پولیس نے فاش کردیا۔ جگتیال میں قائم وجیتا مین پاور کنسلٹنسی کے منتظم کو گرفتار کر کے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے اس کیس میں 114 پاسپورٹس ضبط کر لئے ہیں۔

 

پیر کے روز ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس میں جگتیال ڈی ایس پی رَگھو چندر نے کیس کی تفصیلات بتائیں۔ ان کے مطابق، سارنگاپور منڈل کے پمبٹلہ گاؤں سے تعلق رکھنے والا کامونی گنگادھر قواعد کے خلاف جگتیال ضلع مرکز میں وجیتا مین پاور کنسلٹنسی کو لیز پر لے کر چلا رہا تھا۔

 

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ گنگادھر بیرونِ ملک ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر نوجوانوں سے بھاری رقوم وصول کرتا تھا، مگر جاب ویزا کے بجائے وزٹ ویزا پر انہیں بیرونِ ملک بھیج کر دھوکہ دیتا رہا۔ اس دھوکہ کا شکار بننے والوں میں ایک متاثرہ شخص رویندر (گاؤں گوپولاپور، ضلع کریم نگر) نے جگتیال ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی، جس پر مقدمہ قائم کیا گیا۔

 

شکایت کی بنیاد پر پولیس نے کنسلٹنسی پر دھاوے کرتے ہوئے 114 پاسپورٹس، چار موبائل فونز، ایک لیپ ٹاپ اور اہم دفتری ریکارڈ ضبط کیا۔ ڈی ایس پی کے مطابق، قواعد کے برخلاف کنسلٹنسی کو لیز پر دینے والے شخص کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ ملزمین کے خلاف آئی پی سی کی دفعات کے علاوہ امیگریشن ایکٹ اور پاسپورٹ ایکٹ کے تحت بھی کیس درج کیے گئے ہیں۔ ڈی ایس پی رگو چندر نے خبردار کیا کہ بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر دھوکہ دہی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی

 

، اور عوام سے اپیل کی کہ بیرونِ ملک جانے کے خواہشمند افراد صرف لائسنس یافتہ اور سرکاری منظوری یافتہ ایجنسیوں سے ہی رجوع کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button