جرائم و حادثات

کمبوڈیا میں رہ کر سائبر جرائم انجام دینے والا تلنگانہ کے جگتیال ضلع کا نوجوان گرفتار

تلنگانہ کے ضلع جگتیال کے میڈی پلی منڈل کے کٹلہ کنٹہ گاوں  سے تعلق رکھنے والا 26 سالہ گاجارلا اویناش، جو بی ٹیک کی تعلیم ادھوری چھوڑ چکا تھا، کو سائبر فراڈ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق اویناش قطر میں ملازمت کے دوران ششی نامی شخص کے رابطے میں آیا، جس نے اسے کمبوڈیا میں نوکری کا جھانسہ دیا۔ وہاں پہنچنے کے بعد وہ سائبر مجرموں کے چنگل میں پھنس گیا اور مجبوراً ان کے کہنے پر بھارتی شہریوں کو دھوکہ دینے لگا۔

 

اویناش لوگوں کو سرمایہ کاری، اے پی کے فائلز، او ٹی پی اور “ڈیجیٹل اریسٹ” کے نام پر ڈرا دھمکا کر رقم وصول کرتا اور اسے مختلف فرضی (میول) بینک کھاتوں میں منتقل کرتا تھا۔ بعد میں اس نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں ایجنٹس مقرر کئے اور خود بھی فراڈ میں سرگرم ہو گیا، ایجنٹس کو کمیشن دیتا اور باقی رقم اپنے گھر والوں کو بھیجتا رہا۔ صرف 15 دنوں میں اس نے اپنے والد کو تقریباً 16 لاکھ روپے منتقل کئے۔

 

ایک متاثرہ شخص کی شکایت پر تفتیش کے دوران پولیس نے ایک بینک کھاتہ وِشاکھاپٹنم کے رہائشی کرشنا کے نام پر پایا، جسے حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی گئی۔ اس سے دھننجئے اور ششی کے نام سامنے آئے، جنہوں نے بتایا کہ وہ سب اویناش کی ہدایات پر کام کر رہے تھے۔

 

اس کے بعد پولیس نے اویناش کی نقل و حرکت پر نظر رکھی اور جب وہ حال ہی میں شمس آباد ایئرپورٹ پہنچا تو اسے گرفتار کر لیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button