جرائم و حادثات

فنکشن ہالس میں زیورات کی چوری۔ حیدرآباد کے پرانے شہر سے خاتون گرفتار

حیدرآباد: حیدرآباد کی راجندرنگر پولیس نے فنکشن ہالس میں سونے کے زیورات چوری کرنے والی ایک خاتون ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمہ شیخ شاہین بیگم جو بنڈلہ گوڑہ کے علاقے ایرہ کنٹہ کی رہنے والی بتائی گئی ہے اس کے خلاف راجندر نگر زون پولیس نے سسپیکٹ شیٹ بھی کھول دی ہے۔

 

پولیس کے مطابق جنوری کے مہینے میں سٹی پیلس فنکشن ہال میں پیش آئے چوری کے واقعہ میں بھی یہی خاتون ملوث تھی۔ اس واقعے میں اس نے تقریباً 50 گرام سونے کے زیورات چرا لیے تھے۔پولیس کے مطابق ملزمہ فنکشن ہالس آنے والوں کو نشانہ بنایا کرتی تھی۔ وہ مہمان کے طورپر فنکشن ہال کے اندر داخل ہو جاتی اور کرسیوں پر رکھے ہینڈ بیاگس پر نظر رکھتی۔

 

خاص طور پر قیمتی اشیاء والے بیاگس کو نشانہ بنا کر چوری کر کے فرار ہو جاتی تھی۔پولیس نے بتایا کہ ملزمہ کا مجرمانہ ریکارڈ بھی ہے۔ ماضی میں وہ اپنے شوہر کے قتل کے مقدمہ میں ملوث بتائی گئی ہے۔یہ مقدمہ پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا اور عدالت نے اس خاتون کو عمر قید کی سزا بھی سنائی تھی۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فنکشن ہال، بازار، بس اسٹانڈ اور ریلوے اسٹیشن جیسے ہجوم والے مقامات پر اپنے

 

ہینڈ بیاگس کا خاص خیال رکھیں۔تھوڑی دیر کے لیے بھی بیاگ کو بغیر نگرانی کے نہ چھوڑیں۔بیاگ کے زِپ اچھی طرح بند رکھیں۔ ضرورت کے بغیر زیادہ نقد رقم یا قیمتی اشیاء ساتھ نہ رکھیں۔ ہجوم والی جگہوں پر بیاگ کو پیچھے کی بجائے سامنے کی طرف رکھیں۔ اگر کوئی جان بوجھ کر ٹکر مارے یا توجہ ہٹانے کی کوشش کرے تو فوراً محتاط ہو جائیں۔کسی بھی مشکوک حرکت یا چوری کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔

 

پولیس نے فنکشن ہال مالکان کو بھی ہدایت دی ہے کہ مرکزی دروازے، ایگزٹ پوائنٹس، پارکنگ، ریسیپشن، ڈائننگ اور سیٹنگ ایریاز میں لازمی CCTV کیمرے نصب کیے جائیں۔ مہمانوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے معیاری اور ہائی ریزولوشن کیمرے استعمال کیے جائیں۔

 

تمام کیمرے مسلسل کام کرتے رہیں اور ان کی نگرانی کی جائے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کم از کم 15 سے 30 دن تک محفوظ رکھی جائے تاکہ ضرورت پڑنے پر پولیس کو فراہم کی جا سکے۔ خراب کیمروں کو فوری طور پر مرمت کروایا جائے۔ احاطے میں واضح طور پر “آپ سی سی ٹی وی نگرانی میں ہیں” کا بورڈ لگایا جائے۔

 

کیمروں کی دیکھ بھال اور سیکیورٹی کی مکمل ذمہ داری فنکشن ہال انتظامیہ کی ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button