2 منٹ میں ایککروڑ کے زیورات لوٹ لئے گئے۔ مہاراشٹرا کے پونے میں دن دہاڑے ڈکیتی

ممبئی ۔ ریاست مہاراشٹرا کے پونے میں ڈاکوؤں نے دن دہاڑے ہتھیاروں کے ساتھ ایک زیورات کی دکان میں گھس کر صرف دو منٹ میں ایک کروڑ روپے مالیت کے زیورات لوٹ لیے۔اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
یہ واقعہ جمعہ کی دوپہر خاناپور علاقے میں واقع ویشنوَی جیولری شاپ میں پیش آیا۔ اس وقت دکان میں مالک کے ساتھ ان کے خاندان کے افراد بھی موجود تھے۔ اسی دوران پانچ ڈاکو دو موٹر سائیکلوں پر آئے اور دکان میں داخل ہو گئے۔ انہوں نے ہتھیار دکھا کر سب کو دھمکایا اور چوری کی واردات انجام دی۔ صرف دو منٹ میں ایک کروڑ روپے مالیت کے زیورات لوٹ لیے گئے۔
یہ پورا واقعہ دکان میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہو گیا۔ ڈکیتی کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے سی سی ٹی وی فوٹیج ضبط کر لی اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمین نے واردات سے چند دن پہلے ہی اس علاقے کی ریکی کی تھی۔



