جنونی عاشق نے دن دھاڑے دسویں جماعت کی لڑکی کو چاقو کی نوک پر کی اغوا کی کوشش

مہاراشٹرا کے ستارا شہر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ جہاں یک طرفہ محبت میں پاگل عاشق نے نابالغ اسکولی طالبہ کی گردن پر چاقو رکھ دیا اور اس کے گھر والوں کو ڈرانے دھمکانے لگا۔
دیکھتے ہی دیکھتے وہاں لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی، جس کے بعد جنونی عاشق نے تماشا شروع کردیا۔ اس واقعہ کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں آخر میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ اس عاشق کا کیا انجام ہوا۔
یہ واقعہ ستارا کے بسپا پٹھ کرنجے علاقے میں پیش آیا۔ یک طرفہ محبت میں مبتلا ایک نوجوان نے نابالغ طالبہ کو اسکول سے واپسی کے دوران روک کر چاقو اس کی گردن پر رکھ دیا اور اسے جان سے مارنے کی دھمکی دینے لگا۔ موقع پر موجود لوگوں کو وہ بار بار ڈرا رہا تھا۔ یہ واقعہ ہفتہ کی دوپہر پیش آیا، اور اس کی ویڈیو اب وائرل ہو چکی ہے۔
جنونی عاشق کی حرکت سے کچھ دیر کے لیے وہاں موجود سبھی لوگ خوف میں مبتلا ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق لڑکی اسکول سے واپس آ رہی تھی، تبھی اس نوجوان نے اچانک اسے پکڑا اور چاقو نکال کر اس کی گردن پر رکھ دیا۔ اطراف کی بھیڑ بار بار اسے سمجھانے کی کوشش کر رہی تھی، مگر وہ کسی کی سننے کو تیار نہ تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ بار بار چاقو دکھا کر بھیڑ کو پیچھے ہٹنے کو کہہ رہا ہے۔ موقع پر بڑی تعداد میں مقامی افراد جمع ہو چکے تھے۔ ملزم لڑکی کو زبردستی گھر کے اندر لے جانے کی کوشش کر رہا تھا
۔ اسی دوران ایک بہادر شخص دیوار پھلانگ کر پیچھے سے آیا اور نوجوان کو پکڑ لیا۔ اس کے بعد وہاں موجود لوگوں نے عاشق کی خوب پٹائی کی اور اس کے سر سے محبت کا بھوت اتار دیا۔
مقامی لوگوں کی مدد سے لڑکی کو بچا لیا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور ستارا کے شاہ پور پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ یہ واقعہ یک طرفہ عشق کی وجہ سے پیش آیا۔ معاملے کی مزید جانچ ستارا شہر کی پولیس کر رہی ہے۔