کاماریڈی میں تین بہنوں کے لاپتہ ہونے کا واقعہ – تیسری بچی کی نعش بھی تالاب سے برآمد – باپ پر قتل کا شبہ !
کاماریڈی میں تین کمسن بہنوں کی ہلاکت سے سنسنی، لاشیں تالاب سے برآمد، والد پر شبہ
تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع مرکز میں تین کمسن بچیوں کے لاپتہ ہونے کا معاملہ انتہائی افسوسناک انجام تک پہنچ گیا۔ ہفتہ کی صبح سے لاپتہ تینوں بچیاں رات تقریباً 9 بجے کے بعد کاماریڈی کے بڑے تالاب میں مردہ حالت میں پائی گئیں، جس سے علاقے میں شدید غم و غصہ اور افسوس کی فضا پھیل گئی۔
پولیس کے مطابق کاماریڈی شہر کی آر بی نگر کالونی سے تعلق رکھنے والی تین بہنیں شفاعت (8 سال)، آیات (7 سال) اور مریم (5 سال) لاپتہ ہونے پر ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے تالاب سے پہلے آیات اور مریم کی نعشیں برآمد کیں جبکہ تیسری بچی شفاعت کی نعش ہفتہ کی رات تقریباً 12:30 بجے تالاب سے نکالی گئی۔
پولیس کو شبہ ہے کہ بچیوں کے والد نے ہی انہیں قتل کر کے نعشیں تالاب میں پھینک دی ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ شروع کر دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بچیوں کی والدہ گھروں میں کام کر کے خاندان کی مدد کرتی ہیں جبکہ والد آٹو رکشا چلا کر گزر بسر کرتا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ والد کو کبھی کبھار ذہنی الجھن یا بھولنے کی بیماری بھی ہوتی تھی۔ پولیس اس افسوسناک واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔



