کانپور میں نیٹ کی تیاری کر رہا طالب علم محمد ایان کی خودکشی — "امی ابو! مجھے معاف کر دینا” لکھا سوسائڈ نوٹ برآمد

کانپور میں نیٹ کی تیاری کر رہا طالب علم محمد ایان کی خودکشی — "امی ابو! مجھے معاف کر دینا” لکھا سوسائڈ نوٹ برآمد
اترپردیش کے کانپور شہر میں ایک ہاسٹل میں رہ کر قومی سطح کی میڈیکل داخلہ امتحان نیٹ کی تیاری کر رہا ایک طالب علم 21 سالہ محمد ایان نے پھانسی لگا کر اپنی جان دے دی۔ خودکشی سے قبل اُس نے ایک سوسائڈ نوٹ میں لکھا:”امی ابو! مجھے معاف کر دینا، میں آپ کے خواب پورے نہیں کر پاؤں گا۔”
پولیس کے مطابق محمد ایان ضلع رامپور کے بھنورکا گاؤں کا رہنے والا تھا۔ وہ چار دن قبل کانپور کے ہتکاری نگر کے ایک ہاسٹل میں اپنے روم میٹ امداد حسن کے ساتھ آ کر ٹھہرا تھا۔
جمعہ کی دوپہر امداد نے اُسے نماز کے لئے ساتھ چلنے کو کہا تو اُس نے انکار کر دیا اور ائیر فون لگا کر کمرے میں ہی رہا۔ نماز کے بعد امداد واپس آیا تو کمرہ اندر سے بند ملا۔ بار بار دروازہ کھٹکھٹانے کے باوجود کوئی جواب نہ ملنے پر اس نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس اور فورینزک ٹیم نے پہنچ کر دروازہ توڑا تو محمد ایان کی نعش پنکھے سے لٹکی ملی۔ جائے واردات سے ایک سوسائڈ نوٹ برآمد ہوا، جس میں اُس نے لکھا کہ وہ اپنے مستقبل کو لے کر شدید دباؤ میں ہے اور اپنی موت کا ذمہ دار خود ہے۔
پولیس نے نعش کو قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ انسپکٹر منوج مشرا کے مطابق، متوفی کے گھر والوں کو اطلاع دے دی گئی ہے، اور ان کے پہنچنے کے بعد نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا جائے گا۔ گھر والوں کی تحریری شکایت ملنے پر مزید کارروائی کی جائے گی۔



