کریم نگر کے ہاسپٹل میں بخار میں مبتلا جگتیال کی لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کا سنگین واقعہ

تلنگانہ کے کریم نگر شہر کے ایک خانگی ہاسپٹل میں زیرِ علاج جگتیال کی ایک نوجوان لڑکی کے ساتھ زیادتی کا سنگین واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی نے کریم نگر تھری ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی، جس پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، جگتیال سے تعلق رکھنے والی لڑکی کو شدید بخار کی شکایت پر ہفتہ کی رات والدہ کے ہمراہ کریم نگر کے ایک ہاسپٹل لایا گیا تھا۔ ایمرجنسی وارڈ میں ابتدائی علاج کے بعد لڑکی کو ہاسپٹل میں ہی رکھا گیا،
جبکہ اس کی والدہ قریبی ویٹنگ ہال میں سو گئی۔ اس دوران وہاں ڈیوٹی پر موجود ایک میل نرس نے مبینہ طور پر متاثرہ کو نشہ آور انجکشن دیا اور اس کے بعد زیادتی کی۔
لڑکی کے ہوش میں آنے کے بعد اُس نے اپنی ماں کو واقعہ سے آگاہ کیا۔ والدہ نے فوری ہاسپٹل کے عملے سے جواب طلب کیا اور بعد میں پولیس سے رجوع کیا۔ پولیس نے لڑکی کو میڈیکل ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا ہے اور ہاسپٹل کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
سی آئی جان ریڈی نے بتایا کہ حقیقت تحقیقات میں سامنے آئے گی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم میل نرس کو پہلے ہی حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔