جرائم و حادثات

کریم نگر کے واویلالہ پلی میں سفاک باپ کا قہر : معذور بیٹی قتل، بیٹا شدید زخمی — باپ فرار، علاقے میں کہرام

تلنگانہ کے کریم نگر کے مضافاتی علاقہ واویلالہ پلی گاؤں میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں یومیہ مزدوری کرنے والا ایک باپ سنگدل قصائی بن بیٹھا۔

 

مقامی اطلاعات کے مطابق ملزم ملیشم مزدوری اور ہمّالی کے ذریعے اپنے گھر کا خرچ چلاتا تھا، جبکہ اس کے دو بچے بیٹی ارچنا اور بیٹا اشردھ پیدائشی معذوری اور ذہنی کمزوری کا شکار تھے۔

 

پولیس کے مطابق نامعلوم وجوہات کی بنا پر ملیشم نے ہفتہ کی رات  اپنے ہی بچوں کو ہلاک کرنے کا منصوبہ بنایا۔ اس درندگی میں بیٹی ارچنا موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ بیٹے اشردھ کو بھی قتل کرنے کی کوشش جاری تھی کہ اتنے میں گھر والوں نے شور سن کر مداخلت کی اور بچے کی جان بچا لی۔

 

زخمی حالت میں اشردھ کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اس دوران ملزم ملیشم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کریم نگر پولیس حرکت میں آگئی اور مقتولہ کی والدہ پشاماں کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

 

پولیس بچوں کی معذوری اور باپ کے اس سفاکانہ اقدام کی وجوہات کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس خوفناک واردات نے علاقے میں شدید سنسنی اور غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ پولیس نے مفرور ملیشم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن تیز کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button