ویڈیو کال پر بندوقوں سے دھمکا کر 10 لاکھ کا مطالبہ – کورٹلہ میں بھتہ خوری کا سنسنی خیز پردہ فاش

کورٹلہ: تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے کورٹلہ پولیس اسٹیشن میں 6 جنوری کو درج ایک مقدمہ کے تحت اسلحہ کے زور پر بھتہ خوری کے سنگین معاملہ کا پردہ فاش ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق، ایئرٹیل نیٹ ورک سروس سے وابستہ ملازمین کو کورٹلہ میں کاروبار جاری رکھنے کے لئے 10 لاکھ روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا، اور انکار کی صورت میں کاروبار بند کرانے کی دھمکی دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، کورٹلہ موبائل ایسوسی ایشن کے نام پر بعض افراد نے ویڈیو کال کے ذریعے بندوقوں اور چاقوؤں کے ساتھ ایئرٹیل ملازمین کو خوفزدہ کیا۔ دھمکیوں سے گھبرا کر متاثرہ افراد نے 30 ہزار روپے آن لائن ٹرانزیکشن کے ذریعہ ادا بھی کئے۔ ایئرٹیل کے ڈویژنل ڈسٹری بیوٹر دندا بوئین ارون کی شکایت پر پولیس نے مارتھا شیوکمار، سرینواس اور سریش کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
ضلع ایس پی اشوک کمار کے احکامات اور میٹ پلی ڈی ایس پی اے رامولو کی نگرانی میں کورٹلہ سی آئی بی سریش بابو اور ایس آئی ایم چرنجیوی کی قیادت میں دو ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمین کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے ملزمین کے قبضے سے ایک ایئر گن رائفل، ایک ایئر گن پستول، ایک تلوار، تین چھوٹے چاقو اور ویڈیو کال میں استعمال ہونے والے موبائل فون ضبط کر لیے۔ گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔
پولیس نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ اگر کورٹلہ میں تاجروں، ریئلٹرس یا رائس مل مالکان سے دھمکیوں کے ذریعے رقم وصول کرنے کی کوشش کی گئی تو سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، روڈی شیٹس کھولی جائیں گی اور پی ڈی ایکٹ بھی نافذ کیا جائے گا۔




