جرائم و حادثات

دہلی میں 17 سالہ لڑکے کے قتل کیس میں لیڈی ڈان گرفتار

نئی دہلی کے سیلم پور علاقے میں 17 سالہ لڑکے کنال کے قتل کے سلسلے میں دہلی پولیس نے 25 سالہ خاتون زکرا خان کو گرفتار کیا ہے، جو خود کو ’لیڈی ڈان‘ کہتی ہے۔ کنال کو جمعرات کی شام تقریباً 6 بجے اس کے گھر سے چند میٹر کے فاصلے پر چاقو مار کر ہلاک کیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ پرانے جھگڑے کا بدلہ لینے کے لیے پیش آیا۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ زکرا خان نے تفتیش کے دوران قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ اس واقعے کے بعد کنال کے گھر والوں اور محلے والوں نے دیر رات تک احتجاج کیا، جس کے باعث علاقے میں سیکیورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا

 

دہلی کی چیف منسٹر ریکھا گپتا نے متاثرہ خاندان کو انصاف کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ  "میں نے پولیس کمشنر سے بات کی ہے، پولیس پوری کوشش کر رہی ہے، اور مجھے امید ہے کہ مجرم جلد گرفتار ہوں گے۔”

 

پولیس کے مطابق جھگڑے کی شروعات نومبر 2024 میں ہوئی تھی، جب کنال کے ایک ساتھی نے ایک شخص پر حملہ کیا تھا۔ کنال بھی اس وقت موقع پر موجود تھا۔ جمعرات کی شام ملزمین نے کنال کو اس کے گھر سے تقریباً 50 میٹر دور مارکیٹ میں دیکھ کر روکا اور دو نوجوانوں نے اسے بار بار چاقو مارا۔ یہ واقعہ قریبی سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہوا۔

 

کنال کی والدہ پروین دیوی نے کہا کہ”میرے شوہر اس طرف دوڑے جہاں کنال پر حملہ ہو رہا تھا، لیکن جب تک وہ پہنچے، حملہ آور بھاگ چکے تھے۔ انہوں نے چار پانچ لڑکوں اور ایک خاتون کو بھاگتے دیکھا۔”

 

زخمی کنال کو جگ پرویش چندر اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ اپنے والدین کے سامنے علاج کے دوران فوت ہو گیا

 

پروین دیوی نے مزید کہا کہ "وہ خون میں لت پت پڑا تھا، اور ہم وہیں موجود تھے۔ لیکن حملہ اتنا وحشیانہ تھا کہ کوئی کچھ نہیں کر سکا۔”

 

پولیس نے زکرا خان کے علاوہ تین دیگر افراد کو بھی اس قتل کیس میں حراست میں لیا ہے۔ پولیس کے مطابق زکرا ایک بدنام گینگسٹر ہاشم بابا کی بیوی کے لیے باڈی گارڈ کے طور پر کام کرتی تھی، اور سیلم پور میں ’لیڈی ڈان‘ کے نام سے مشہور ہے۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button