آن لائن بیٹنگ اور گیمنگ ایپس میں لاکھوں کا نقصان۔ پولیس کانسٹیبل کے خود کو گولی مارلینے کی وجہہ

حیدرآباد: اے آر کانسٹیبل اور ہائیڈرا کمشنر رنگناتھ کے پرسنل سکیورٹی آفیسر (پی ایس او) کرشناچیتنہ کے خود کو گولی مارکر خودکشی کرلینے کی کوشش کے معاملہ میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ اس نے بیٹنگ اور گیمنگ ایپس میں بھاری رقم گنوا دی تھی۔
آندھرا پردیش کے پلناڈو ضلع کے راوِپاڈو سے تعلق رکھنے والے موتیالا پامتی شیوارام پرساد کے دو بیٹے ہیں۔ ان کا دوسرا بیٹا کرشناچیتنیہ (32) حیات نگر پولیس اسٹیشن حدود کے سائی سوریا نگر میں کرائے کے مکان میں مقیم تھے۔ گزشتہ دو برسوں سے وہ موبائل فون پر بیٹنگ اور گیمنگ ایپس کا عادی ہو گیا تھا
جس کے نتیجے میں اسے لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ قرض ادا کرنے کے لیے اس نے مزید قرض لیا، جس سے مالی مسائل مزید سنگین ہو گئے۔مسلسل مالی دباؤ کے باعث وہ شدید ذہنی تناؤ کا شکار ہو گیا۔ ارکان خاندان کے مطابق مختلف صحت کے مسائل سے بھی دوچار تھا۔
ہفتہ کے روز ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد وہ گھر آیا رات کا کھانا کھایا اور سو گیا، اتوار کی صبح تقریباً 6 بجے اس نے اپنی سروس ریوالور سے سر میں گولی مار لی۔ فائرنگ کی آواز سن کر ان کی بیوی اور پڑوسی موقع پر پہنچے اور فوری طور پر اسے ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔واقعے سے متعلق سی آئی ناگ راجو گوڑ نے بتایا کہ خودکشی کی کوشش کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی ہائیڈرا کمشنر رنگناتھ اسپتال پہنچے اور کرشنا کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔حکام کے مطابق کرشنا اپنی ڈیوٹی کے دوران ہمیشہ چوکس رہتے تھے اور محکمہ جاتی طور پر ان کے خلاف کسی قسم کی شکایت یا مسئلہ نہیں تھا۔



