عاشق کی باتوں میں آکر خاتون نے شوہر سے لی طلاق۔ جنسی استحصال کے بعد عاشق ہوا فرار

حیدرآباد: شہر کے مدھورا نگر علاقے میں ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان نے شادی کا جھانسہ دے کر ایک خاتون کی اس کے شوہر سے علاحدگی کروائی اور پھر جنسی استحصال کے بعد اپنے وعدہ سے مکر گیا۔پولیس کے مطابق آندھرا پردیش
کے باپٹلہ ضلع سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ خاتون شہرکے مدھورا نگر میں ایک ہاسٹل میں رہتے ہوئے ایک خانگی کمپنی میں ملازمت کیا کرتی ہے۔ پانچ سال قبل اس کی شادی ہوئی تھی لیکن شوہر سے گھریلو تنازعات کی وجہ سے دونوں علیحدہ ہو گئے تھے۔اسی دوران اس کی ملاقات اس کے رشتہ دار 24 سالہ گوپی سے ہوئی، جس نے محبت کا اظہار کیا اور شادی کا وعدہ کر کے اسے شوہر سے طلاق لینے پر مجبور کیا۔ متاثرہ خاتون نے اس پر یقین کرتے ہوئے عدالت کے ذریعہ طلاق حاصل کر لی۔بعد ازاں گوپی نے خاتون سے تعلقات قائم کرلئے جس کے نتیجہ میں خاتون حاملہ ہوگئی۔جب خاتون نے شادی کیلئے
اصرار کیا تو گوپی اس کی بات کو نظر انداز کررہا تھا۔ اسی اثنا میں متاثرہ کو معلوم ہوا کہ گوپی کسی اور لڑکی سے شادی کی تیاریوں میں ہے جس پر وہ انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس سے رجوع ہوئی۔ مدھوار نگر پولیس نے اس معاملہ میں زیرو ایف آئی آر درج کرکے مزید تحقیقات کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس کے حوالہ کردی۔