مدھیہ پردیش: اسکول یونیفارم میں شراب خریدنے پہنچی نابالغ لڑکیاں

مدھیہ پردیش: اسکول یونیفارم میں شراب خریدنے پہنچی نابالغ لڑکیاں — ویڈیو وائرل، دکان مالک پر 2 لاکھ روپے جرمانہ
مدھیہ پردیش کے منڈلا ضلع سے ایک حیران کن واقعہ منظرِ عام پر آیا ہے۔ نینپور گاؤں میں ایک سرکاری اسکول کی چند طالبات یونیفارم میں شراب خریدنے ایک شراب کی دکان پر پہنچ گئیں۔ اس واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور آبکاری محکمہ چوکس ہوگیا
ہفتہ کے روز چند اسکولی طالبات یونیفارم میں دکان پر آتی ہیں، خریداری سے پہلے اپنے چہرے دوپٹے سے ڈھانپ لیتی ہیں اور شراب لینے کے فوراً بعد وہاں سے چلی جاتی ہیں۔ دکان کے قریب موجود ایک سماجی کارکن خاتون نے یہ سارا واقعہ اپنے کیمرے میں قید کر کے سوشل میڈیا پر ڈال دیا۔
ویڈیو وائرل ہوتے ہی کلیکٹر کے احکامات پر ایس ڈی ایم آشو توش ٹھاکر فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ انہوں نے دکان کا معائنہ کیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی۔ ابتدائی تحقیقات میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ دکان دار نے واقعی اسکولی لڑکیوں کو شراب فروخت کی تھی۔
ایس ڈی ایم نے واضح کیا کہ نابالغوں کو شراب یا کسی بھی نشہ آور شے کی فروخت لائسنس شرائط کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے آبکاری محکمہ کو ہدایت دی کہ واقعے کی مکمل جانچ کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی آبکاری محکمہ کی انسپکٹر سیلی اوئیکے اپنی ٹیم کے ساتھ دکان پر پہنچیں اور تفصیلی تفتیش شروع کی۔
ضلع آبکاری افسر رام جی پانڈے نے بتایا کہ یہ جانچ کی جا رہی ہے کہ آیا شراب خریدنے والی لڑکیاں 18 سال سے کم عمر ہیں یا نہیں۔ اگر وہ نابالغ پائی گئیں تو دکاندار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ابتدائی کارروائی کے طور پر انتظامیہ نے شراب کی دکان کے مالک پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے، جبکہ دکان کے باہر ایک تنبیہی بورڈ لگا دیا گیا ہے جس پر واضح طور پر لکھا ہے:
نابالغوں کو شراب فروخت کرنا غیر قانونی ہے— خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔



