جرائم و حادثات

مہاراشٹرا کے احمد نگر ضلع میں سرِعام فائرنگ میں ایک شخص ہلاک – تدفین میں شرکت کے بعد واپسی کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ

ممبئی _ یکم جنوری ( اردولیکس ڈیسک) مہاراشٹرا کے اہلیانگر ضلع (سابقہ احمد نگر) کے شری رام پور شہر میں چہارشنبہ کے روز دن دہاڑے فائرنگ کے ایک سنسنی خیز واقعہ میں 2012 کے جنگلی مہاراج (جے ایم) روڈ بم دھماکہ کیس کے ایک مبینہ ملزم کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق قتل کی وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی ہے۔ مقتول جنوری 2023 سے ضمانت پر رہا تھے۔

 

پولیس نے مقتول کی شناخت اسلم شبیر شیخ عرف بنٹی جہاگیر دار کے طور پر کی ہے۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ دوپہر تقریباً ڈھائی بجے اس وقت پیش آیا جب وہ ایک جنازے میں شرکت کے بعد موٹر سائیکل پر واپس لوٹ رہے تھے۔ شریرام پور کے مصروف علاقے میں ایک اور موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر دی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

 

اہلیانگر کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سومناتھ گھرگے نے بتایا کہ بنٹی جہاگیر دار پر دو گولیاں چلائی گئیں، جن میں سے ایک سینے میں اور دوسری ٹانگ میں لگی۔ انہیں تشویشناک حالت میں قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا، تاہم علاج کے دوران ان کی موت واقع ہو گئی۔ پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لئے متعدد ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور قتل کے محرکات کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔

 

واقعہ کے بعد شریرام پور اور اطراف کے علاقوں میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے اور سینئر پولیس عہدیدار موقع پر پہنچ گئے۔ عوامی مقام پر ہونے والی اس فائرنگ نے علاقے میں امن و امان کے حوالے سے نئے خدشات پیدا کر دیئے ہیں، جس کے پیش نظر پولیس ہائی الرٹ پر ہے۔

 

واضح رہے کہ جنگلی مہاراج روڈ بم دھماکے یکم اگست 2012 کو پونے کی مصروف تجارتی سڑک جنگلی مہاراج روڈ پر ہوئے تھے۔ اس واقعہ میں 6 دیسی ساختہ بم نصب کئے گئے تھے، جن میں سے پانچ پھٹ گئے جبکہ ایک بم ناکارہ رہا۔ اس واقعہ میں ایک شخص زخمی ہوا تھا

 

اور پولیس کے مطابق بموں کی تیاری میں خامیوں کے باعث ایک بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہوا تھا۔ یہ دھماکے بالگندھرو رنگ مندر، میکڈونلڈز کیفے، دینا بینک اور گڑوارے پل کے قریب ہوئے تھے، جس سے شہر میں شدید افراتفری پھیل گئی تھی۔

 

جنوری 2013 میں مہاراشٹر اے ٹی ایس نے جہاگیر دار کو احمد نگر سے گرفتار کیا تھا۔ تفتیشی حکام کے مطابق انھوں نے دھماکوں سے قبل مرکزی ملزم عمران خان کو ایک ریوالور فراہم کیا تھا۔ اے ٹی ایس کے مطابق جہاگیر دار شریرام پور کے ایک موجودہ این سی پی کارپوریٹر کا بیٹا تھا اور کیس کے چار دیگر ملزمین کی گرفتاری کے بعد وہ تفتیش کے دائرے میں آئے تھے

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button