آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے شیر کی ویڈیو بناکر لوگوں کو خوفزدہ کرنے والا شخص گرفتار ۔ تلنگانہ کی منچریال پولیس کی کاروائی

عادل آباد ۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس یعنی مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے گاؤں میں شیر آنے کا جھوٹا منظر تخلیق کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
یہ واقعہ ریاست تلنگانہ منچریال ضلع کے میں واقع سی سی سی ٹاؤن شپ میں پیش آیا۔گزشتہ چند دنوں سے ضلع کے حدود میں ایک بڑے شیر (ٹائیگر) کی موجودگی کی اطلاعات سامنے آ رہی تھیں۔ ضلع کے جنگلات اور سنگارینی اوپن کاسٹ کے آس پاس شیر کے گھومنے کی خبروں کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
اسی دوران ایک شخص نے سی سی سی ٹاؤن شپ میں شیر کے گھومنے کی جھوٹی ویڈیو اے آئی کے ذریعہ تیار کی اور اسے سوشل میڈیا پر ڈال دیا۔ یہ ویڈیو مقامی واٹس ایپ گروپس میں تیزی سے وائرل ہو گئی جس سے عوام میں مزید خوف پھیل گیا۔ اس سلسلے میں محکمۂ جنگلات کے افسران کو بھی شکایات موصول ہوئیں۔
بعد ازاں متعلقہ شخص کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ سی سی سی ٹاؤن شپ میں کسی قسم کا شیر داخل نہیں ہوا تھا
اور اے آئی کے ذریعہ جھوٹی ویڈیوز بنا کر غلط افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت مقدمات درج کیے جائیں گے۔



