جرائم و حادثات

دو بیویاں اور 18 بچے، سابق پردھان منا کا معشوقہ کے ہاتھوں قتل

نئی دہلی ۔ ریاست اتر پردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ میں قتل کی ایک واردات پیش آئی ہے۔ پولیس نے سابق پردھان کے قتل کا معمہ حل کر لیا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس قتل کی ماسٹر مائنڈ خود مقتول کی محبوبہ نکلی جس نے اپنے رشتہ داروں کے ساتھ مل کر قتل کیا

 

اور بعد میں نعش کو تھیلے میں ڈال کر نہر کے کنارے پھینک دیا۔ پولیس نے ملزمہ محبوبہ کو گرفتار کر لیا ہے۔یہ واقعہ پرتاپ گڑھ کے ماندھاتا کوتوالی علاقے کا ہے۔ سمیّرپور گاؤں کے سابق پردھان مستکا گلشن عرف منّا 18 مارچ کو گھر سے نکلے تھے مگر واپس نہیں آئے۔

 

ارکان خاندان کی شکایت پر پولیس نے تفتیش شروع کی اور کال ڈیٹیلز کی مدد سے 21 مارچ کو ملزمہ سمن گوتم تک پہنچ گئی۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مستکا اور سمن کے درمیان ناجائز تعلقات تھے۔ الزام ہے کہ مستکا اس عورت پر ملنے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا اور اسے بلیک میل بھی کر رہا تھا جس سے تنگ آ کر خاتون نے اپنے بھائی اور اس کے دوست کے ساتھ مل کر قتل کی سازش تیار کی۔

 

18 مارچ کی رات مستکا کو منصوبہ بند طریقہ سے بلایا گیا جہاں اس پر لوہے کی راڈ سے حملہ کر کے قتل کر دیا گیا۔ بعد ازاں نعش کو تھیلے میں بند کر کے نہر کے کنارے پھینک دیا گیا جسے اتوار کے روز برآمد کیا گیا۔ دو بیویوں کے شوہر اور 18 بچوں کے باپ سابق پردھان کے قتل سے پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔

 

پرتھاپ گڑھ کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے بتایا کہ ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button