جرائم و حادثات

حیدرآباد کے پرانے شہر میں خود کو یو ٹیوب رپورٹرظاہر کرنے والا‌ گرفتار ۔ میڈیا کے نام پر جبری وصولی، مامول لینے اور سیٹلمنٹ کرنے والوں کو ڈی سی پی کا انتباہ

ضحیدرآباد: حیدرآباد کی شاہ علی بنڈہ پولیس نے محمد بلال نامی شخص کے خلاف جبری وصولی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے جو خود کو یوٹیوب رپورٹر ظاہر کر رہا تھا۔ پولیس کے بموجب شکایت کے مطابق ملزم نے ایک فریق سے 35 ہزار روپے کا مطالبہ کیا اور جھوٹا دعویٰ کیا کہ وہ پولیس اسٹیشن میں ان کا معاملہ “سنبھال” سکتا ہے اور انہیں گرفتاری سے بچا لے گا۔

 

پولیس کے مطابق ملزم نے دھمکی دی تھی کہ رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں وہ انہیں گرفتار کروا دے گا۔ مزید الزام ہے کہ اس نے اسی طرح متعدد مرتبہ شکایت کنندہ کو ہراساں اور خوفزدہ کیا۔ دستیاب شواہد کی بنیاد پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

 

ڈی سی پی ساؤتھ زون کرن کھرے آئی پی ایس نے کہا کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ کچھ افراد رپورٹر یا میڈیا سے وابستہ ہونے کے نام پر غیر قانونی سرگرمیوں جیسے کیس سیٹلمنٹ، جبری وصولی اور مامول کی وصولی میں ملوث ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کی سرگرمیاں کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔

 

ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی سی پی نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کو اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات ہوں یا میڈیا یا اثر و رسوخ کے نام پر کسی کو دھمکایا یا مامول طلب کیا جا رہا ہو تو فوراً پولیس کو اطلاع دیں یا

 

براہِ راست ان کے علم میں لائیں۔ پولیس فوری کارروائی اور اطلاع دینے والوں کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button