شادی کا رشتہ طے کروانے والے شخص کا قتل – شادی کے بعد بار بار جھگڑوں سے تنگ آکر نوجوان کا انتہائی اقدام

منگلور، کرناٹک: بیوی کے میکے جانے پر برہم شوہر نے رشتہ طے کرانے والے شخص کا قتل کردیا ۔ یہ افسوسناک واقعہ کرناٹک کے منگلور شہر میں پیش آیا، جہاں 30 سالہ مصطفیٰ نوجوان نے شادی کا رشتہ طے کروانے والے ثالث 50 سالہ سلیمان کو قتل کر دیا۔
بتایا گیا ہے کہ آٹھ ماہ قبل سلیمان نے مصطفیٰ کی شادی ایک لڑکی سے کروائی تھی، لیکن شادی کے بعد ہی دونوں کے درمیان جھگڑے شروع ہو گئے۔ تقریباً دو ماہ قبل مصطفیٰ کی بیوی جھگڑوں سے تنگ آ کر اپنے میکے چلی گئی۔
بیوی کے چلے جانے پر مصطفیٰ نے شدید غصے میں سلیمان کو موردِ الزام ٹھہرایا کہ اس نے ایسی شادی کروائی جس میں نباہ ممکن نہ تھا۔ دونوں کے درمیان تلخ کلامی بڑھی اور جھگڑا شدت اختیار کر گیا،
جس پر مصطفیٰ نے اپنے ساتھ لائی ہوئے چاقو سے سلیمان کی گردن پر وار کر دیا۔ سلیمان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے
۔