محبت کے جال میں پھنسا کر خاتون کی بلیک میلنگ،تاجر سے 10 لاکھ کا مطالبہ – تلنگانہ کے میٹ پلی میں ہنی ٹریپ گینگ بے نقاب
حیدرآباد _ 31 دسمبر ( اردولیکس) تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے میٹ پلی ٹاؤن میں پولیس نے ہنی ٹریپ گینگ کا پردہ فاش کر دیا۔ ایک مقامی تاجر کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے معاملہ درج کیا اور ملزمین بشمول خاتون کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق میٹ پلی سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر کو چند روز قبل ایک خاتون کی فون کال موصول ہوئی۔ خاتون نے محبت بھرے انداز میں گفتگو کرتے ہوئے تاجر کو پھنسا لیا اور تعلقات بڑھائے، بعدازاں میٹ پلی کے مضافات میں ایک کمرہ کرائے پر لے کر دونوں نے وقت گزارا۔ اسی دوران ہنی ٹریپ گینگ کے دیگر ارکان نے ویڈیوز اور تصاویر بنا لیں۔
اگلے دن تاجر کو وہی ویڈیوز اور تصاویر واٹس ایپ پر بھیج کر 10 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا اور رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں تصاویر وائرل کرنے کی دھمکی دی گئی۔ تاہم تاجر نے خوف زدہ ہونے کے بجائے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔
کیس درج کرنے کے بعد پولیس نے مکمل تفتیش کرتے ہوئے 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ خاتون سمیت دو دیگر ملزمین کو گرفتار کر کے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا، جن میں کورٹلہ کا ایک روڈی شیٹر بھی شامل ہے جبکہ گینگ کے تین ارکان تاحال مفرور ہیں۔ پولیس نے ملزمین کے قبضے سے چار موبائل فون ضبط کئے۔
اس موقع پر سی آئی انیل کمار نے عوام کو مشورہ دیا کہ نامعلوم افراد کی فون کالز پر بھروسہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو اس طرح کی ہراسانی کا سامنا ہو تو بلا خوف و خطر فوراً پولیس سے رجوع کریں۔



