جرائم و حادثات

غیر مسلم لڑکی کے ساتھ مسلم نوجوان کو دیکھ کر ہجوم نے کردی نوجوان کی پٹائی _ 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج

ممبئی _ 16 اگست ( اردولیکس ڈیسک) ممبئی کے باندرہ ٹرمینس ریلوے اسٹیشن پر ایک مسلم نوجوان کی پٹائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

 

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگوں کا ایک گروپ باندرہ ٹرمینس ریلوے سٹیشن پر ایک مسلم نوجوان کی پٹائی کر رہا ہے۔ ویڈیو میں ایک پولیس افسر کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، لیکن  وہ مداخلت نہیں کرتا۔

 

الزام یہ ہے کہ مسلم لڑکا ایک ہندو لڑکی کے ساتھ تھا، اور اس پر دائیں بازو کی تنظیم کے ارکان نے حملہ کیا۔ تقریباً 8 سے 10 لوگوں نے باندرہ اسٹیشن پر مسلم نوجوان کی پٹائی شروع کردی، جب کہ وہ ’جے شری رام‘ اور ’وندے ماترم‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔

یہ واقعہ مبینہ طور پر 21 جولائی کو پیش آیا۔ واقعہ کے کئی دن گزرنے کے باوجود کوئی شکایت درج نہیں کی گئی اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

 

وائرل ویڈیو پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مجلس کے قائد وارث پٹھان نے کہا کہ اگر کوئی غلطی کرتا ہے تو اس کے لیے قانون موجود ہے، لیکن کسی کو اس طرح مارنے کا حق کس نے دیا؟

 

اس دوران نرمل نگر کے ایک پولس افسر نے بتایا کہ انہوں نے وائرل ویڈیو کا نوٹس لیا ہے اور فی الحال معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اسی دوران وارث پٹھان نے ٹیوٹ کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعہ میں 5 نامعلوم افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے

متعلقہ خبریں

Back to top button