جرائم و حادثات

ماں نہیں ڈائن – عاشق کے لئے ماں نے اپنے ہی دو معصوم بچوں کو زہر دے کر مار ڈالا

اترپردیش کے مظفر نگر ضلع میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک ماں نے ماں اور بچے کے مقدس رشتے کو شرمسار کر دیا۔ ڈائن صفت ماں  نے اپنے دو معصوم بچوں کو زہر دے کر  بےرحمی سے قتل کر دیا۔ پولیس نے بچوں کی نعشوں کا پوسٹ مارٹم کروا کر ماں کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ اس کا عاشق ابھی تک فرار ہے، جس کی تلاش میں پولیس سرگرم ہوگئی ہے

 

ایس ایس پی سنجے کمار ورما نے بتایا کہ مظفر نگر کے ضلع  "رُڑکلی” گاؤں میں 19 جون جمعرات کی دوپہر پولیس کو اطلاع ملی کہ دو بچوں کی مشتبہ موت ہو گئی ہے۔ پولیس جب موقع پر پہنچی تو پانچ سالہ ارحان اور ایک سالہ انایہ مردہ پائے گئے۔ بچوں کی ماں "مسکان” گھر پر موجود تھی، جبکہ باپ وسیم چندی گڑھ میں مزدوری کر رہا تھا۔ پولیس نے بچوں کی نعشوں  کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔

 

مسکان نے بتایا کہ اس نے بچوں کو صبح ناشتہ میں چائے اور بسکٹ دیے تھے دوپہر کو وہ اور دونوں بچے سو گئے تھے۔ دوپہر تقریباً ڈھائی بجے وسیم کا فون آیا تو وہ جاگی اور دیکھا کہ دونوں بچے بے ہوش پڑے ہیں۔ اس نے فوراً وسیم کو اطلاع دی جس پر وسیم نے اپنے بھائی ڈاکٹر اکرم کو بتایا جو چھپار علاقے میں پریکٹس کرتے ہیں۔ وہ دوڑ کر موقع پر پہنچے، لیکن تب تک دونوں بچے فوت ہو چکے تھے۔

 

جب پولیس موقع پر پہنچی تو اس نے واقعہ کی مکمل معلومات حاصل کیں اور وسیم کی بیوی مسکان سے موبائل مانگا لیکن وہ کوئی وضاحت نہ دے سکی۔

مسکان نے کہا کہ موبائل تو یہیں تھا، پتا نہیں کہاں گیا۔ جب پولیس نے نمبر لے کر کال کی تو موبائل بند ملا۔ اس پر شک اور گہرا ہو گیا کہ آیا موبائل چوری ہوا ہے یا چھپایا گیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچوں کے جسم میں زہر کی موجودگی ثابت ہونے کے بعد مسکان سے سختی سے پوچھ تاچھ کی گئی۔ تفتیش میں مسکان نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے "جنید” نامی شخص سے ناجائز تعلقات تھے، اور دونوں نے مل کر بچوں کو راستے سے ہٹانے کی سازش کی تھی۔

 

مسکان نے مزید بتایا کہ پانچ  سال قبل اس کی شادی وسیم سے ہوئی تھی، جو دو سال سے ٹی بی کی بیماری میں مبتلا ہے اور اس کی ضروریات پوری کرنے کے قابل نہیں تھا۔ اسی دوران مسکان کی جنید سے محبت ہو گئی۔

 

شوہر کی غیر موجودگی میں مسکان اور جنید کے درمیان ناجائز تعلقات قائم ہو گئے تھے۔ مسکان جنید سے شادی پر اصرار کر رہی تھی، مگر جنید نے بچوں کی ذمہ داری اٹھانے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد دونوں نے بچوں کو مارنے کا منصوبہ بنایا۔ 19 جون کی صبح مسکان نے رس گلے میں زہر ملا کر بچوں کو کھلا دیا، جس سے دونوں کی موت ہو گئی۔

 

ایس ایس پی سنجے کمار ورما نے بتایا کہ پولیس نے شک کی بنیاد پر مسکان سے سوالات کیے تو وہ گھبرا گئی اور کچھ دیر میں اپنا جرم قبول کر لیا۔ اس نے بتایا کہ جنید کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم ہو چکے تھے اور وہ دونوں ایک ساتھ رہنا چاہتے تھے۔ جنید نے وسیم کے بچوں کا خرچ اٹھانے سے صاف انکار کر دیا تھا۔

 

زہر ایک میڈیکل  شاپ سے بغیر کسی رسید کے خریدا گیا تھا، جس کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ یہی زہر رس گلے میں ملا کر بچوں کو دیا گیا۔ پولیس نے ملزمہ مسکان کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے، جبکہ اس کے ساتھی جنید کی تلاش جاری ہے۔

Screenshot

 

متعلقہ خبریں

Back to top button