سوتیلے باپ کے ہاتھوں معصوم بیٹے کا قتل۔حیدآبادکے پرانے شہر میں سنسنی خیز واردات

حیدرآباد: حیدرآباد کے چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع غازی ملت کالونی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک سوتیلے باپ نے معمولی بات پر اپنے معصوم بچہ کو سڑک پر پٹخ کر ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق 11 سالہ محمد اصغر کے خلاف مقامی لڑکے نے گالی دینے کی شکایت کی تو اس پر اصغر کا سوتیلا باپ عمران برہم ہوگیا اور اس نے بچہ کو شدید زدو کوب کرکے اسے اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا جس کے نتیجہ میں لڑکا شدید طور پر زخمی ہوگیا تھا
اسے علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ لڑکے کی ماں نفیس نے بتایا کہ عمران سے ان کی دوسری شادی تھی اور وہ ان کے بیٹے کے ساتھ دشمنی رکھتا تھا، دوسروں کےساتھ کھیلنے سے روکا کرتا تھا۔
نفیس کو اپنے پہلے شوہر سے دو بچے بتائے گئے ہیں۔پہلے شوہر سے علیحدگی کے بعد انہوں نے عمران سے چھ سال پہلے دوسری شادی کی تھی۔خاتون کی شکایت پر پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے چھان بین شروع کر دی۔



