گلے میں میسور بھجیہ پھنس گیا، دم گھٹنے سے ایک شخص فوت۔ حیدرآباد میں واقعہ

حیدرآباد ۔ شہر کے مدھورانگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں میسور بھجیہ گلے میں پھنس جانے کے باعث دم گھٹنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی۔
رحمت نگر ایس پی آر ہلز سے تعلق رکھنے والا داسری رمیش (45) سال پیشے کے اعتبار سے لاری ڈرائیور تھا۔جمعرات کی نصف شب تقریباً ایک بجے کے وقت یوسف گوڑہ سری کرشنا دیورایہ نگر کے قریب ایک ٹفن سینٹر سے اس نے میسور بھجیہ خریدا اور وہیں پاس بیٹھ کر کھا رہا تھا کہ
اچانک بھجیہ اس کے گلے میں پھنس گیا۔ سانس لینے میں دشواری کے باعث وہ تڑپتا رہا اور موقع پر ہی فوت ہوگیا۔جمعہ کے روز مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو دیکھا کہ رمیش کی موت ہوچکی تھی۔
یہ تمام مناظر سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگئے ہیں۔ متوفی کا آبائی مقام آندھراپردیش بتایا گیا ہے پولیس نے نعش کو بعد پوسٹ ماٹم ورثا کے حوالے کر دیا۔



