نظام آباد: پولیس کانسٹبل کو قتل کرنے والا ریاض گرفتار۔ گرفتاری کے وقت ایک اور شخص پر چاقو سے حملہ

نظام آباد: ریاست تلنگانہ نظام آباد ضلع میں جمعہ کی رات سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک ملزم ریاض نے سینٹرل کرائم اسٹیشن کے کانسٹیبل پرمود پر چاقو سے حملہ کر کے اسے ہلاک کر دیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس
ملزم کو پکڑ کر لے جا رہی تھی۔ واردات کے بعد ریاض موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے دو دن سے مسلسل ریاض کی تلاش جاری رکھی۔ اطلاعات ملنے پر پولیس کو معلوم ہوا کہ ریاض سارنگا پورکے مضافاتی علاقے
کے ایک شیڈ میں چھپا ہوا ہے۔ آج پولیس جیسے ہی وہاں پہنچی ریاض نے فرار ہونے کی کوشش کی۔اسی دوران آصف نامی ایک شخص نے ریاض کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر ریاض نے اس پر بھی چاقو سے حملہ کر دیا۔ پولیس نے فوراً ریاض کو
گرفتار کر لیا اور زخمی آصف کو فوری طور پر سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔پولیس نے بتایا کہ ریاض کے خلاف قتل اور حملے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ کمشنر پولیس نظام آباد سائی چیتنیا نے شیخ ریاض کی گرفتاری کے لئے پولیس کی آٹھ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں آج دوپہر اسے سی آر پی ایف گروانڈ واقع سارنگ پور بودھن روڈ پر گرفتار کرلیاگیا۔
اس کے خلاف 30 مختلف پولیس اسٹیشن میں مقدمات درج ہیں۔



